تلور کے شکار کی اجازت دینے کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 7 دسمبر 2016 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے تلور کے شکار کی اجازت دینے کے خلاف ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان عالمی طور پر تحفظ شدہ ہجرت کرکے آنے والے نایاب پرندے ’ تلور ‘ کے شکار کے لیے قطر کے شاہی خاندان کو شکار کی اجازت دینے کی پُر زور مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت کی جانب سے تلور کے شکار کے لیے شاہی خاندان کے افراد کو دئیے جانے والے خصوصی اجازت نامے فوراً منسوخ کئے جائیں اس پرندے کو عالمی سطح پر معدومی کے خطرے سے دوچار پرندوں کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے اور اس کی نسل کو ختم ہونے کا خطرہ لاحق ہے جس کے باعث اس پرندے کا شکار ممنوع ہے ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ان کی تعداد صرف 97000 رہ گئی ہے۔ جن جنگلی حیات کی نسل کو خطرہ ہو ان کے شکار کی اجازت اسے مزید خطرے سے دوچار کرے گی اس لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایسی جنگلی حیات کے شکار کی اجازت دینے کی بجائے ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔