بسنت کی اجازت دینا معصوم لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے‘جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام بسنت کی اجازت کے خلاف کل پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا‘پنجاب حکومت شہر میںنوجوان نسل کی صحت وافزائش کیلئے پارکوں اورمیدانوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرے

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد کا اجلاس سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ شہر میں بسنت کی اجازت دینا معصوم لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ زور انہوں نے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ جے آئی یوتھ لاہور کی طرف سے کل بروز جمعرات بوقت تین بجے بسنت کی اجازت کے خلاف پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ ہو گا ۔

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ غیرملکی اور چند پسندیدہ شخصیات کیلئے بسنت جیسے خونی کھیل کی اجازت دینا ایک کروڑ کی آبادی والے شہر میں ہزاروں مائوں کی گود اُجاڑنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی بسنت جیسا خونی کھیل کھیلا گیا بہت سے گھروں کے چراغ گل ہوئے اور جانی و مالی نقصان ہوا ۔

(جاری ہے)

بسنت ایک ایسا جان لیوا کھیل اور تفریح کا سامان ہے کہ گذشتہ بسنت کے پروگراموں میں تمام تر احتیاطی تدا بیر کے باوجود جانی و مالی نقصان کونہیں روکا جاسکا ۔

انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت شہر میںنوجوان نسل کی صحت وافزائش کیلئے پارکوں اورمیدانوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرے اور بسنت کی دوبارہ ہرگز اجازت نہ دی جائے کیونکہ بسنت عوامی مطالبہ نہیں ہے بلکہ چند مخصوص افراد کی خواہشات کی تکمیل اور ان کے لیے تفریح کے نام عریانی و فحاشی کا سامان ہے جو قطعاًً نہ قابل برادشت ہے ۔

متعلقہ عنوان :