صحافی برادری کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن ،ْصحافیوں کے پیشہ وارانہ حقوق کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انہیں فرائض کی سرانجام دہی کے لئے موافق ماحول کو یقینی بنایا جائے گا ،ْپاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قلم کی آزادی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے

بدھ 7 دسمبر 2016 23:07

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ صحافی برادری کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور صحافیوں کے پیشہ وارنہ حقوق کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انہیں فرائض کی سرانجام دہی کے لئے موافق ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں منعقدہ میٹ دی پریس پروگرام کے دوران کیا۔

اس موقع پرصدر لاہور پریس کلب شہباز میاں،جنرل سیکرٹری شہزاد سمیت سینئر ممبران پریس کلب نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آزاد میڈیا توانا معاشرہ کی علامت ہے اس سے معاشرہ میں آزادی اظہار اور رائے عامہ کا پتہ چلتا ہے ۔حکومت کو اپنی اصلاح کا موقع ملتاہے اور میڈیا کی مثبت تنقید سے حکومت اپنی سمت درست رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں لوگوں کو بہترین سروس مہیا کرتے ہیں اس طرح کرپشن کے خاتمہ میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث تحسین ہے کہ پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قلم کی آزادی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شعبہ میں میرٹ اورڈسپلن کو پروان چڑھایا جائے تاکہ حق دار کو اس کا حق ملے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور پریس کلب انتہائی تابناک روایا ت کا امین ہے ۔

اس پریس کلب سے شعبہ صحافت کے انتہائی محترم اور سینئر جرنلسٹ وابستہ رہے ہیں جنہوں نے ملک سے آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لئے ہر دور میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار جمہوریت آزاد صحافت کے بغیر ممکن نہیں۔رائے عامہ کی تشکیل اور حکومت پر کڑی نگاہ رکھنے کے حوالے سے میڈیا کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور آمریت میں میڈیا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ آزاد میڈیا نے جمہوریت اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے صحافی برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے یقین دلایا کہ ذرائع ابلاغ سے وابستہ صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی بجاوآوری کے لئے بھرپور سپورٹ مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے جائز معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔