صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا رات کے وقت تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال گوجر خان کا اچانک دورہ

بدھ 7 دسمبر 2016 23:07

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے گزشتہ رات تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال گوجر خان کا اچانک دورہ کیا - خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ ، چلڈرن وارڈ ، آپریشن تھیٹر ز ، لیبر روم اور ٹائلٹس کا معائنہ کیا -انہوں نے زیر علاج مریضوں کی خیریت معلوم کی اور علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا- بعض مریضوں کی جانب سے تمام ادویات ہسپتال کی جانب سے فراہم نہ کرنے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کو 100فیصد ادویات ہسپتال کی جانب سے مفت فراہم کی جائیں-خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں صفائی اور ڈاکٹر و عملہ کی حاضری پر اطمینان کا اظہار کیا - اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ہسپتال کے کچھ حصہ میں ترقیاتی کام جاری ہے - ہسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولت موجود ہے اور مریضوں سے صرف فلم کے پیسے لئے جاتے ہیں یہ مشین مخیر حضرات کے تعاون سے نصب کی گئی ہے - ایم ایس نے بتایا کہ لیبر روم میں بھی جدید گائنٹی ٹیبل فراہم کر دی گئی ہی- خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اظہار اطمینا ن کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کام تیز کرنے اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی -