لاہور ہائیکورٹ ، خاوند کے قتل میں ملوث ملزمہ کی بچوں کی بازیابی کے لئے درخواست پر فریقین کے وکلاء بحث کیلئے طلب

بدھ 7 دسمبر 2016 23:03

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے خاوند کے قتل میں ملوث ملزمہ کی جانب سے بچوں کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے موقع پر ملزمہ شازیہ بی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کے سسرالیوں نے زمین ہتھیانے کے لئے اس پر اپنے ہی خاوند کے قتل کا جھوٹا مقدمہ قصور کے تھانہ مصطفی آباد میںد رج کرایا۔

ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل عدالت نے ملزمہ کی ضمانت منظور کر رکھی ہے لہذا بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے انہیں ماں کے حوالے کیا جائے۔مقتول کے وکیل منیرحسین بھٹی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قانون کے تحت خاوند کو قتل کرنے والی بیوی حق وراثت کی طرح بچوں سے بھی محروم ہو جاتی ہے لہذا حبس بیجا کی درخواست مسترد کی جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔