وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کا و فاق کی طرف سے نویں این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کے لئے اگلا فیصلہ کن اجلاس رواں مہینے کے اختتام سے پہلے بلانے کے ا علان کا خیر مقدم

بدھ 7 دسمبر 2016 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفاق کی طرف سے نویں این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کے لئے اگلا فیصلہ کن اجلاس رواں مہینے کے اختتام سے پہلے بلانے کے ا علان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اسے حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنایا جائے گا کیونکہ اس کا تعلق ملک و قوم کی خوشحالی سے ہے۔

اس کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور کے کمیٹی رو م میں این ایف سی کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں قو می مالیاتی کمیشن کے ممبر پروفیسر محمد ابراہیم خان،کنسلٹنٹ احتشام الحق، سیکرٹری خزانہ علی رضابھٹہ اور ڈپٹی سیکرٹری این ایف سی پرویز خان ثبت خیل کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے ایوارڈ سے متعلق صوبائی ورکنگ کمیٹی کی اب تک کی تیاریوں اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیاکہ صوبائی سطح پر این ایف سی کے امور کو ہر لحاظ سے جامع ،ٹھوس،بروقت اور خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹانے کیلئے کمیٹی میں محکمہ ہائے منصوبہ بندی و ترقیات ، آبپاشی اور توانائی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کی سطح پر نمائندگی ضرورت کے مطابق بنائی جائے اجلاس میں اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ ا سحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس کے فیصلوں اور سفارشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے نئے این ایف سی کا حتمی اجلاس تین ہفتوں کے ا ندر بلانے کے اعلان کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب وفاق اس کی حتمی تاریخ کا تعین بھی جلد کرے گا کیونکہ یہ اعلان ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے۔اجلاس میں وفاق سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ حتمی تاریخ کا فوری اعلان کر کے اجلاس کا ایجنڈا دو ہفتے قبل صوبوں کو مہیا کرے تاکہ صوبوں کو تیاری کاپوراموقع مل سکے۔اجلاس میں این ایف سی پر صوبائی کمیٹی کا اگلا اجلاس منگل20دسمبر کو بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں دیگر صوبائی محکموں کے نمائندے بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :