لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سہارامیڈیکل کالج کے دو سو سے زائد طلباء سے سپلیمنٹری امتحان لینے کا حکم دیدیا

بدھ 7 دسمبر 2016 22:50

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سہارا میڈیکل کالج کے دو سو سے زائد طلباء سے سپلیمنٹری امتحان لینے کا حکم دیدیا۔فاضل عدالت نے سہارا میڈیکل کالج کے ابرار الحق کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر درخواست گزار کالج کی رجسٹریشن ہوئی اور طلبہ کے ریگولر داخلے ہوئے، عدالتی حکم پر ہی طلبہ کو ریگولر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ملی۔

(جاری ہے)

بار بار عدالت سے رجوع کرنے پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز درخواست گزار کالج کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہیں اور کسی نہ کسی مسئلے میں الجھا دیتے ہیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ اب درخواست گزار کالج کے دو سو سے زائد طلباء کے سپلیمنٹری داخلوں پر اعتراض لگا دیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی اور یو ایچ ایس طلبہ کو سپلیمنٹری امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دے رہا، عدالت نے سماعت کے بعد پی ایم ڈی سی اور یو ایچ ایس کو طلبہ سے سپلیمنٹری امتحان لینے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :