فاروق ستار کا طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس

بدھ 7 دسمبر 2016 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے چترال سے اڑنے والے پی آئی اے کے ہوائی جہاز کے حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہونے پر گہری تشویش اور اس کے نتیجے میں مسافروں ، پائلٹ اور عملے کے شہید ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ مسافر ہوائی جہاز کا حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہونا اور اس کے نتیجے میں 47مسافروں سمیت پائلٹ اور عملے کا شہید ہوجانا بڑا سانحہ ہے اور ایم کیوایم پاکستان ہوائی جہاز حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے سمیت ملک میں نجی ایئر لائنوں کے جہاز پرانے ہوچکے ہیں اور ان کی مستقل مینٹینس اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہوچکے ہیں لیکن حکومتی بے حسی اور ایئر لائن انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث آج پھر ایک اور ہوئی جہاز گر کر تباہ ہوگیا جس میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہوائی جہاز گرنے کے المناک حادثہ میں شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کے ہوائی جہاز کے حویلیاں کے مقام پر گر تباہ ہونے کے سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور اس قسم کے حادثات اور سانحات سے آئندہ بچنے کیلئے پی آئی اے سمیت تمام نجی ایئر لائن کمپنیوں کو ہوائی جہازوں کی مستقل دیکھ بھال اور مینٹیننس کا سختی سے پابند کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :