مختلف محکموں کے پاس موجود اراضی کو تجارتی مقاصد کے استعمال کیلئے جامع سمری کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش کرنے کاحکم

ڈبگری گارڈن میں 20 کنال اراضی میٹرو بس کیلئے ہو گی جہاں کارپارکنگ کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں بھی ہونگی ،دوسری اراضی کو کلیئر کرکے عوامی مفاد کیلئے قانون کے تحت استعمال کیا جائیگا،وزیراعلی پرویزخٹک

بدھ 7 دسمبر 2016 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مختلف محکموں کے پاس موجود اراضی کو تجارتی مقاصد کے استعمال کیلئے جامع سمری کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے اس اراضی کو عوامی فلاحی نقطہ نظر سے بہترین استعمال اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے منصوبہ بند ی کرے تاکہ اُ سے صوبے کی مالی حالت کے استحکام کیلئے بروئے کار لاکر صوبے کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا سکے اور اضافی وسائل عوامی فلاح کیلئے فراہم کئے جاسکیں۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو رمیں سرکاری اراضی کی کمرشلاائزیشن ، ہائی رائزنگ بلڈنگ کی تعمیر اور صوبے کے مالی پوزیشن کے استحکام کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینئر وزیربرائے آبپاشی سکندر شیرپائو، وزیرخزانہ مظفر سید، وزیر برائے توانائی محمد عاطف خان، مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر حیدر علی اور انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کے وسائل بڑھانے اور موجود وسائل کو تجارتی بنیاد پر استعمال کے بارے میں تفصیل سے غور و فکر کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس اراضی کو تجارتی بنیادوں پر ترقی دیتے وقت یہ بات سامنے رکھیں کہ قانونی طور پر اس کے استعمال کیلئے طریقہ کار کا بھر پور احاطہ کیا گیا ہو اور اس سلسلے میں نیک نیتی سے کام لیا گیا ہو۔انہوںنے کہاکہ یہ اسلئے ضروری ہے کہ حکومت تجارتی سرگرمیوں سے اضافی وسائل پیدا کرنا چاہتی ہے جو عوام کی فلاح کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔

انہوںنے ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کے تجارتی مقاصد کے استعمال کو تیز کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ ڈبگری گارڈن میں 20 کنال اراضی میٹرو بس کیلئے ہو گی جہاں کارپارکنگ کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں بھی ہوں گی جبکہ دوسری اراضی کو کلیئر کرکے عوامی مفاد کیلئے قانون کے تحت استعمال کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ترقی کا پہیہ رکنا نہیں چاہیئے جبکہ قوانین ترقی کے عمل کو شفاف بناتے ہیں۔

اسلئے کمرشلاائزیشن کیلئے راستہ ڈھونڈننا ہو گا کیونکہ یہ صوبہ وسائل کیلئے دوسروں کا محتاج نہیں رہ سکتا ہے اور اُسے معاشی لحاظ سے مستحکم کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ضلع پشاور میں مختلف کمرشل زونز بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔انہوںنے تجارتی عمارتوں کیلئے سیکورٹی کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی انہوںنے کہاکہ ہمیں ماضی کے غلط منصوبہ بندی کو ٹھیک کرنا اور صحیح پلاننگ کے ذریعے وسائل پیدا کرنا ہیں کیونکہ یہ صوبے کے مستقبل کی بات ہے۔

انہوںنے ہدایت کی کہ جتنی بھی سرکاری اراضی موجودہے اُس کا ایک مکمل پیکج بنایا جائے اور اس طریقے سے ترقی دی جائے کہ صوبے کے مستقبل کی ضمانت ہو ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری ملازمین عوامی فلاح کیلئے اپنے اختیارات استعمال کریں اور حقیقت پسندانہ سوچ کے تحت اُس کو عملی جامع پہنائے۔انہوں نے کہاکہ مختلف محکموں کو وسائل بڑھانے کیلئے اہداف دیئے گئے تھے جو پورے کرنے ہیں کیونکہ اس صوبے نے ترقی کرنی ہے اور اُسے مالی لحاظ سے مضبوط خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ یہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :