ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے ان کا بحیثیت ووٹر اندراج اوران کا ووٹ کے حق کے شعور سے آراستہ ہونابھی یکساں اہمیت کے قومی تقاضے ہیں ،ملک کے پہلے جمہوری انتخابات کے انعقاد کے دن کو ووٹرز کے قومی دن کے طور پر مناناالیکشن کمیشن کا اہم اقدام ہے

گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کاقومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے ان کا بحیثیت ووٹر اندراج اوران کا ووٹ کے حق کے شعور سے آراستہ ہونابھی یکساں اہمیت کے قومی تقاضے ہیں۔ ملک کے پہلے جمہوری انتخابات کے انعقاد کے دن کو ووٹرز کے قومی دن کے طور پر مناناالیکشن کمیشن کا اہم اقدام ہے اورملک میں آزادانہ ومنصفانہ انتخابات کے انعقاد سمیت ووٹرز کو شعور وآگہی دلاناملک میں جمہوری اقدار ونظام کے استحکام کیلئے الیکشن کمیشن کی اچھی کاوشیں ہیں۔

وہ بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی رکن جسٹس (ر) ارشاد قیصر اورصوبائی الیکشن کمشنر مسرت خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، ارکان صوبائی اسمبلی شاہ حسین آف الائی اورمسزمعراج ہمایون سمیت اعلی حکام، یونیورسٹی کے پروفیسرایڈورڈز کالج کے پرنسپل اورطلبائ سمیت ہرطبقہ فکرنمائندے موجود تھے۔

تقریب کے بعد گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کی قیادت میں آگاہی واک کاانعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ انتخابی عمل میں لوگوںکی بھرپور شرکت جمہوری نظام کے استحکام اورپائیداری کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری عمل کے استحکام کیلئے ووٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیاجاسکتا کہ ووٹ کے ذریعے ہی سے ملک میں پرامن تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

گورنرنے کہاکہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات میں بالغ رائے دہی کی بنیاد پر انتخابات میں عوام کی شرکت یقینی بنائی گئی ہے اور اصلاحاتی ایجنڈے پرعملدرآمد کرواتے ہوئے سال 2017 کے آخر تک فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیاجارہاہے اورفاٹا کو ترقی وخوشحالی کے قومی دھارے میں لایاجارہاہے۔

متعلقہ عنوان :