صدر ،و زیراعظم سمیت دیگر سیاسی قیادت کا طیارہ حادثہ اوراس میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس ، جاں بحق افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا

طیارہ حادثہ پر پوری قوم غم زدہ ہے ، اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار حمت میں جگہ عطاء فرمائے ،متعلقہ ادارے متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کریں، ممنون حسین اور نوازشریف کاتعزیتی پیغام

بدھ 7 دسمبر 2016 22:31

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) حویلیاں کے قریب پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے واقعے اور اس میں قیمتی جانی نقصان پرملک کی سیاسی قیادت نے اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے۔ بدھ کو چترال سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 661 حویلیاں کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی تھی جس میں معروف نعت خواں جنید جمشید سمیت 47 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے مقام پر طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت ، بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبرو جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے ریسکیوٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پرسرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔

صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ لواحقین کوصبرو استقامت عطا فرمائے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ پر پوری قوم غم زدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار حمت میں جگہ عطاء فرمائے۔

متعلقہ ادارے متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کریں۔ متاثرہ خاندانوں کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ طیارہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ حادثے کے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔…(رانا)