اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ہی خاندان کے تمام افراد کے شناختی کارڈ بحال کرنے پر درخواست نمٹا دی

بدھ 7 دسمبر 2016 22:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ہی خاندان کے تمام افراد کے شناختی کارڈ بحال کرنے پر درخواست نمٹا دی ہے۔ شہری نذر خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل ملک محمد ذوالفقار ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ نادرا نے 2013ء سے خاندان کے تمام افراد کے شناختی کارڈ بلاک کر دئیے ہیں جبکہ ہمارے نام پر جائیدادیں بھی موجود ہیں ، حساس اداروں نے گزشتہ سال ہمارے شناختی کارڈ ز کو کلیئر کر دیا تھا اس کے باوجود نادرا حکام نے شناختی کارڈ کو بلاک کیا ہوا ہے۔

اس موقع پر نادرا حکام کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ تمام افراد کے شناختی کارڈز بحال کر دئیے ہیں۔ اس پر عدالت نے مذکورہ درخواست نمٹا دی۔