ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی کاچیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ فیضان مدینہ کا تفصیلی دورہ

بدھ 7 دسمبر 2016 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء)ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ عید میلادالنبی کے سلسلے میں فیضان مدینہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی نے اس موقع پرفیضان مدینہ کے اطراف صفائی ستھرائی،جھاڑیوں کی کٹائی ،مسجد کے فٹ پاتھ رنگ و روغن اور لائیٹس کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پرانہوں نے فیضان مدینہ مسجدکے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کی جلد یقین دہانی کرائی جبکہ اس موقع پر چیئرمین معید انو ر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں بلدیاتی انتظامات تیزی سے جاری ہیں جس میں تمام مساجد ، جلوس کی گزرگاہوں اور محافل میلاد کی جگہوں پر خصوصی صفائی ستھرائی ، لائیٹس کی تنصیب و درستگی، سڑکوں کی استرکاری، تجاوزات کے خاتمے اور چونے کے چھڑکاو ٴ کے علاوہ دیگر تمام بلدیاتی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں اور تین دن کے اندر اند تمام انتظامات مکمل کرلیئے جائیں گے ، اس سلسلے میں دستیابی مشینری اور لیبر کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے جبکہ علمائے کرام کی مشاورت اور ان کی نشاندہی پر بھی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر کہا کہ ہمار ا مقصد عوام کو بھرپور اور بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہے اور اس سلسلے میں ہم نے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے انتظامات کا لائحہ عمل قبل از وقت ہی مرتب کردیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام کاموں کو تین دن کے اندر اندر مکمل کرلیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خاص طور پر ہدایت کی کہ جلوس برآمد ہونے والے علاقوں میں خاص طور پر امن امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی قسم کی تخریب کاری سے محفوظ رہنے کے لئے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ اورگاڑیوں کی پارکنگ ممنوع قرار دی جائے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ امن امان برقرار رکھنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ علاوہ ازیں جشن عید میلاد النبی کے علاوہ سو روزہ عوامی آگاہی مہم بھی زورو شور سے جاری ہے جس میں اب تک بالترتیب ڈسٹرکٹ ایسٹ کی تمام یوسیز بالخصوص یوسی 21 ، یوسی 02 ، یوسی 28 اور یوسی 27 میں خصوصی صفائی مہم، سڑکوں کی استرکاری ، درختوں کی ٹریمنگ، جھاڑیوں کی کٹائی، ، لائیٹس کی تنصیب و درستگی و دیگر تمام بلدیاتی سہولیات عوامی تعان کی مدد سے یقینی بنائے جارہے ہیں۔