کشمیریوں کی تحریک آزادی سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 7 دسمبر 2016 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، بھارت کے سفاکانہ کردار سے آزاد کشمیر کے مسلمان بھی محفوظ نہیں ہے۔ جارحیت کا سلسلہ لائن آف کنٹرول کے اِس پار تک بڑھانا منظم منصوبے کا حصہ ہے۔

فلاح انسانیت فائونڈیشن مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کراچی سے 71 لاکھ روپے مالیت پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی بڑی کھیپ روانہ کردی، آئندہ دنوں مزید امدادی سامان بھی روانہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں بھارتی جارحیت سے متاثرہ وادی نیلم کے کشمیری خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ فلاح انسانیت فائونڈیش کراچی کے انچارج شاہد محمود، جماعة الدعوة مکران ڈویڑن کے مسئول مجیب الرحمن زامرانی اور انجینئر مبین صدیقی بھی موجود تھے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کراچی کی جانب سے روانہ کیے گئے 4 ٹرکوں پر مشتمل امدادی کھیپ میں 35 لاکھ روپے مالیت کا خشک راشن،5 لاکھ کی ادویات، 2200کمبل، 50 خیمے، 550 خواتین کے لیے گرم چادریں اور بچوں کے لیے 1800 جیکٹ شامل ہیں۔

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی۔ ہزاروں کم عمر بچے اور خواتین سمیت حریت قیادت بھی جیلوں میں بند ہے۔ سفاکیت کی ایسی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں پانچ ماہ سے کرفیو نافذ ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ سول آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ یہ نہیں کہ ہم کشمیر پر سیاست کریں بلکہ ضرورت ان کی امداد کرنے اور مسائل حل کرنے کی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ فلاح انسانیت فا?نڈیشن ملک بھر سے متاثرہ کشمیریوں کے لیے امدادی سامان بھیج رہی ہے۔ کراچی سے بھی مزید امدادی قافلے روانہ ہوں گے۔ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے۔

فلاح انسانیت فا?نڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سردی بڑھنے سے متاثرہ کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ متاثرین کو فی الفورخیمے، گرم کپڑے، بستر، راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچانے کی ضرورت ہے۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر کشمیری خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے فلاح انسانیت فا?نڈیشن کراچی آئندہ دنوں مزید امدادی سامان روانہ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :