ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی کے وفد کی چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے سپریم کورٹ میں ملاقات، سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے مختلف پہلو ئو ں پر گفتگو

پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی انصاف کی فراہمی کے حوالے سے خدمات کی تعریف ،ججز تقرری کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے طریقہ کار پر اعتماد کا اظہار،جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے درمیان موثر رابطہ پر زور

بدھ 7 دسمبر 2016 22:24

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی قیادت میں وفد نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے ملاقات کی جس میں سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے مختلف پہلو ئو ں پر گفتگو کی گئی۔بدھ کو سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق اجلاس دوستانہ ماحول میں ہوا اور پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی جانب سے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی اور ان کی بطور جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ہمیشہ عدلیہ ‘ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے مثبت اور فعال کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے ممبران نے ججز کی تعیناتی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے طریقہ کار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے درمیان موثر رابطہ ہونا چاہیے تاکہ بہترین ججز کا انتخاب کیا جا سکے۔

جوڈیشل کمیشن کے ممبران نے یقین دلایا کہ پارلیمانی کمیٹی سفارشات کو بھرپور فوقیت دی جائے گی۔ چیف جسٹس نے وزیر قانون کی جانب سے اس اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ منتخب پارلیمانی کمیٹی بڑی تکریم سے دیکھتی ہے اور ججز کی تعیناتی کے حوالے سے اس کا کردار قابل تعریف ہے۔ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کے ارکان سینیٹر الیاس بلور ‘ فاروق ایچ نائیک ‘ سینیٹر جاوید عباسی ‘ ایم این اے چوہدری محمود بشیر ورک ‘ محمد ارشد خان لغاری نے شرکت کی۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے ارکان جسٹس آصف سعید کھوسہ ‘ جسٹس امیر ہانی مسلم ‘ جسٹس اعجاز افضل خان اور وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے بھی شرکت کی۔ …(رانا+و خ)

متعلقہ عنوان :