ْحکومت پنجاب کی آمرانہ پالیسوں سے سرکاری سکولوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے،محمد ظفر جمیل

بدھ 7 دسمبر 2016 22:22

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) حکومت پنجاب کی آمرانہ پالیسوں کی وجہ سے سرکاری سکولوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔جس کی بحالی کیلئے احتجاج اساتذہ کا بنیادی حق ہے۔ گرینڈٹیچرز الائنس راولپنڈی ڈویژن کے احتجاجی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین محمد ظفر جمیل ، رانا عطاء ، حاجی عبدالمناف ، چوہدری سرفراز، ظفر اقبال روانہ، ملک امجد، چوہدری بشارت، اسد بخاری و دیگر نے کہا ہے کہ سیکرٹری سکولز عبدالجبار شاہین کی آمرانہ پالیسیوں کی وجہ سے سرکاری سکولوں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے لئے دو سالوں سے طفل تسلیاں دی جارہی ہیں۔ ہزاروں کنٹریکٹ اساتذہ کو تاحال ریگولر نہیں کیا جا سکا اور بعض اضلاع میں اساتذہ ان سروس پرموشن سے بھی محروم ہیں۔

(جاری ہے)

اساتذہ کی عزت و توقیر کی بحالی کی بجائے انہیں مختلف حیلوں بہانوں سے ذلیل و خوار کر رکھا ہے۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اور بورڈز رزلٹ پر اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز کو سزائیں دیکر ان کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔

ڈراپ آئوٹ اور طلباء غیر حاضری کا ذمہ دار اساتذہ کو ٹہرا کر تبادلہ جات اور سالانہ ترقیاں بند کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اگر اساتذہ کی تضیحک اور سزائوں کا سلسلہ نہ رُکا تو اساتذہ پنجاب تعلیمی اداروں کی تالہ بندی پر مجبور ہوجائیں گے۔ احتجاجی کنونشن میں سینکڑوں اساتذہ سمیت ضلعی و ڈویژنل عہدیداروں نے بھر پور شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ گرینڈ ٹیچرز الائنس کے زیر اہتمام 22 دسمبر کو لاہور میں ہونیوالے احتجاجی مارچ و دھرنے میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :