کرپشن کی اکیڈمی میں پیدائش وپرورش پانے والا بچہ کرپشن کیخلاف جہادکرنے نکلا ہے،پیر صابر شاہ

وہ جہاد کی ابتدا اپنے والد کرپشن کے بادشاہ زرداری سے شروع کریں تو انہیں مسلم لیگ میں شامل کرینگے،صوبائی صدر مسلم لیگ (ن)

بدھ 7 دسمبر 2016 22:03

چھوٹا لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدرسابق چیف منسٹر خیبرپختونخوا پیرصابر شاہ نے کہا ہے کہ کہاجارہاہے کہ قیامت آنے والی ہے میں کہتا ہوں کہ قیامت کیوں نہیں آئیگی کہ کرپشن کی اکیڈمی میں پیدائش وپرورش حاصل کرنے والا بچہ آج خود کرپشن کے خلاف جہادکرنے نکلا ہے اگر وہ اس جہاد کی ابتدااپنے والد کی کرپشن کے بادشاہ زرداری سے شروع کریں تو ہم انہیں مسلم لیگ میں شامل کرینگے۔

پیر صابرشاہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی دوراندیش قیادت کا ثمرہے کہ سی پیک جیسے منصوبہ سے معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم ایک نیاپاکستان معرض وجود میں آرہا ہے۔

(جاری ہے)

سابقہ ادوار میں18 اور20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک بھرمیں ہر جگہ عوامی احتجاج اور مظاہرے دکھائی دے رہے تھے نوازشریف دور میں اب تک لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ4 یا6 گھنٹے تک لایاجاسکا اور 2018 میں یہ بھی ختم ہوجائیگا وہ بدھ کے روز ’ن‘لیگ کے مقامی رہنماؤں محمدایازخان، نیازولی شاہ،نورحسین ایڈوکیٹ ،قاسم شاہ ایڈوکیٹ،ملک سرتاج اور دیگر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر تحصیل چھوٹالاہور کے شہر تورڈھیر میں میاں فقیرحسین باچا اور حجرہ ملکانان میں منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پی ایم ایل(ن) صوابی کے ضلعی رہنماؤں افتخاراحمد خان، حاجی دلدارخان اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ناراض جنرل کونسلر ملک مہر دل اور انکے خاندان کے دیگر افراد کو بھی مناکر انہیں ایک بار پھر سبز ٹوپیاں پہنائی گئیں پیرصابر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اپنے پیاروں کو پیسہ کمانے کیلئے کراچی بھیجواتے مگر وہاں سے انہیں منی آرڈرکے بجائے اپنے پیاروں کی تابوتیں آتیں نوازشریف کی حکومت سنبھالتے ہی ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہونے لگی ہے انہوں نے پی ٹی آئی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صوبائی حکومت میں خیبرپختونخوا کا بھیڑا ہی غرق ہوگیا ہے پشاور میں دو ہی نامی گرامی ہسپتالیں ہیں جن میں مریضوں کیلئے بیڈ زتک نہیں لوگ اپنے مریضوں کیلئے کرایہ پر باہر سے چارپائیاں لاکر ہسپتالوں میں رکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں پولیس بدستور رشوت لے رہی ہے پٹواری رشوت کے بغیر کام نہیں کرتا پہلے جو کام پانچ سو روپے دیکر کروایا جاتا اب پانچ ہزار دینے پڑتے ہیں جبکہ نئے پاکستان کاآغازتونوازشریف نے کردیا ہے سی پیک منصوبہ سے ملک کا تقدیر بدلے گا بیروزگاری کاخاتمہ ہوگا ملک میں خوشحالی اور معاشی استحکام آئے گادبئی، قطر، مسقط، ملائشیا اور انڈونیشیا جیسے ممالک سے لوگ یہاں مزدوری کیلئے آنا شروع ہونگے جس سے ملک کے تمام سیاسی پارٹیوں کا خاتمہ ہوگا سارے جھنڈے سرنگوں ہونگے اور صرف ایک مسلم لیگ کا جھنڈا لہراتادکھائی دیگا اس موقع پر انہوں نے لیگی کارکنان کو اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کا درس دیتے ہوئے کہا کہ ناراض کارکنوںکو منالیںلیگی ورکروں کے پاس عوام کو دکھانے کیلئے بہت کچھ ہے بس پارٹی کے اندرپارٹی بازی اور گروہ بندی سے گریز کریں ہمارا ایک ہی پارٹی مسلم لیگ ہے ہمارا قائد ایک اور ہمارا جھنڈا ایک ہے اگلا دور بھی مسلم لیگ ہی کا ہے ۔