کراچی ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے

بدھ 7 دسمبر 2016 22:03

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) حیدآباد کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں دم گھٹنے سے شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے ورثاء کو فوری طورپر 50لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے جبکہ زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کیلئے فی کس 20لاکھ روپے دیئے جائیں اور ہوٹل انتظامیہ کیخلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کیاجائے۔

یہ مطالبات انہوں نے سول ہسپتال حیدرآباد کے نرسنگ ہال میں منعقدہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز کے لیے ایک تعزیتی اجلاس کے موقع پر کیے، جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسنگ اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے کے صوبائی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر پیر منظور علی نے کہاکہ سیلاب ، زلزلہ یا کوئی بھی قدرتی آفت ہو یا ایمرجنسی کی صورتحال ڈاکٹر ہر وقت اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہتے ہیں اور ڈاکٹرز مسیحا کا کردار انجام دیتے ہوئے لوگوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہیں تو سندھ بھر میں احتجاج کرکے صحت کی سروس معطل کرسکتے ہیں لیکن ہم عوام کے لیے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہیں اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ انہوں نے کہاکہ 80ڈاکٹرز قتل ہوچکے ہیں لیکن کسی ایک کے بھی ورثاء کو آج تک معاوضہ نہیں مل سکا ہے اور اس حوالے سے ہم نے سابقہ وزیراعلیٰ سے تین مرتبہ ملاقات کی اور انہیں شہید ہونے والے ڈاکٹرز کی لسٹیں فراہم کیں لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں ڈاکٹروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور وہ بنیادی مراعات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس ہوٹل میں یہ حادثہ ہوا ہے وہ اربوں روپے کماتا ہے کیوں کہ وہ ایک بین الاقوامی معیار کا ہوٹل ہے لیکن کوئی دفاعی انتظام نہیں ہے ۔ اس موقع پر پی ایم اے کے ڈاکٹر لالہ جعفر خان، سندھ پیرا میڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی وائس چیئرمین اصغر علی پٹھان، نرسنگ کونسل (ایل یو ایچ ) حیدرآباد/ جامشورو کی صدر اسٹاف گل ناز، فارمیسٹ ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر عبدالحفیظ شرودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :