پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل( ر) سلیم نواز کی بوسنیا کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کراچی چیمبر آف کامرس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی

بدھ 7 دسمبر 2016 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) بوسنیا میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل( ر) سلیم نواز نے بوسنیا کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کراچی چیمبر آف کامرس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے کراچی چیمبر کی تجاویز کا مکمل طور پر خیرمقدم کیاجائے گا۔

اجلاس میں بی ایم جی کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدر آصف نثار،نائب صدر محمد یونس سومرو ، سابق صدر کے سی سی آئی مجید عزیز اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) سلیم نواز نے بوسنیا کے تاجروں کے ساتھ رابطے مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بوسنیا یورپی یونین کی اہم مارکیٹ ہے لہٰذا بوسینا میں پاکستانی سفاتخانہ ایسے تمام تاجروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا جو بوسنیائی تاجروں کے ساتھ تجارت بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

بی ایم جی کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا نے کہاکہ اگرچہ پاکستانی تاجروصنعتکار برادری بوسینا کی تاجروصنعتکار برادری کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ خانہ جنگی کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ایسا نہیں کرپا رہے۔انہوں نے پاکستان اور بوسنیا کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ پاکستانی سفاتخانہ بوسنیا کا دورے کرنے والے تجارتی وفود کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے اور حکومت سے حکومت اور کاروباری افراد کے ایک دوسرے سے رابطے اور بات چیت بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کرے۔

پاکستان سرمایہ کاری، برآمدات، اجناس کی سپلائی کے لحاظ سے بوسنیا کو پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کو آگے بڑھنے میں مدد کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی سفیر کو تجویز دی کہ وہ بوسنیائی حکومت کی پالیسیوں کو سمجھیں خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کی پالیسی، لیبر قوانین اور ویزے کے نظام کا جائزہ لیں جس سے پاکستان کے کاروباری اور صنعتی برادری متوجہ ہو گی۔

قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو نے لیفٹیننٹ جنرل( ر) سلیم نواز کو بوسنیا کا سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بوسنیا کے درمیان مجموعی تجارتی حجم10 لاکھ ڈالر سے بھی کم سطح پر ہے جس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بوسنیا سمیت پاکستان کے دنیا بھر میں سفارتخانے تجارت کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور کمرشل اتاشیز و دیگر عملے کوپاکستانی مصنوعات اور خدمات کو بھرپور طریقے سے فروغ دینے کے کام میں مشغول کیا جائے۔

انہوں نے ملک بھر میں باالخصوص کرچی میں امن اومان کی تسلی بخش صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ماضی کی نسبت امن و امان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے بوسنیا میں پاکستانی سفارتخانے کو کراچی چیمبر کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کراچی چیمبر کے اہم کردار کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

شمیم احمد فرپو نے کہاکہ اگر بھارت بوسنیاکی مارکیٹ کے اچھے خاصے حصے پر قبضہ جما سکتا ہے تو پاکستان کیوں اپنا مارکیٹ شیئر نہیں بڑھا سکتا۔ پاکستان بھی و ہی اعلیٰ معیار کی اشیاء کی پیداوار کر رہا ہے جو بھارت بوسنیا ارسال کر رہا ہے ۔ ہمیں اپنی مصنوعات اور خدمات کو مؤثر طریقے سے مارکیٹنگ کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اوریہ سب کراچی چیمبر اور بوسنیا میں پاکستانی سفارتخانے کی مشترکہ کوششوں سے ممکن بنایاجاسکتا ہے۔#

متعلقہ عنوان :