سینیٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پیدا وار کا یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں بدعنوانی کے 1999 سے چلنے والے مقدمات کے تاحال زیر التواء رہنے پر سخت برہمی کا اظہار

مجرموں کے خلاف سخت کا روائی ،نیب اور ایف آئی اے کو مشترکہ طور پر باقاعدگی سے مقدمات کا جلد فیصلہ کرانے کیلئے کو شش کی ہدایت

بدھ 7 دسمبر 2016 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیدا وار نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں بدعنوانی کے 1999 سے چلنے والے مقدمات کا تاحال زیر التواء رہنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کا روائی اور نیب اور ایف آئی اے کو مشترکہ طور پر باقاعدگی سے مقدمات کا جلد فیصلہ کرانے کیلئے کو شش کرنے کی ہدایت کردی۔

بدھ کو ء سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیدا وار کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جون2015 سے جون2016 تک کی کمیٹی رپورٹ متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے بد عنوانی میںملوث ملازمین کے مقدمات قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر عملد رآمد ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے اقدامات، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو بدعنوانی سے پاک ادارہ بنانے کا ایجنڈا زیر بحث آیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ کا وفاقی وزیر صنعت و پیدا وار کا کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر اظہار ناراضگی کیا ۔ اگلے اجلاس میں شرکت لازمی بنانے کی ہدایت ۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں ای آر پی سسٹم نصب کرنے کیلئے صرف ایک فرم کی نیلامی بولی میں شرکت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہی فرم کاکوالیفائی ہونا مشکوک لگ رہا ہے ۔

نیلامی میںحصہ لینے کیلئے قوانین میںنظر ثانی کی جائے سخت قوامین کی وجہ سے صرف تین فرموں نے حصہ لیا ۔ اور زیادہ کمپنیوں کو حصہ لینے کا موقع نہ مل سکا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ 640 ملین کی خطیر رقم سے صرف ایک ہزار بڑے سٹوروں اور گوداموں کو سہولت حاصل ہوگی ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سالہاسال سے زیر التواء مقدمات کے بارے میں چیئرمین سینیٹ سے رائے لی جائے گی اور وزارت قانون سے بھی مشاورت کریںگے ۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وسیم مختار نے آگاہ کیا کہ 704 ملین کے بد عنوانی کے مقدمات ہیں ۔ 46 ملین ریکوری کر لی گئی ہے بلوچستان کے بدعنوانی مقدمات کے بارے میں 86 ہزار میں سے اب صرف ایک ہزار بینک رسیدوں کا سریٹیفکیٹ جاری کرنا ہے ۔ آڈٹ رپورٹ دو دنوں میںمنظور ہو جائے گی ۔ ہارڈ ڈسک ونڈر کو بجھوا دی گئی ہے ۔ کنڑیکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کا معاملہ عدالت میں ہے ۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ نے کارپوریشن کے کنٹریکٹ ملازمین کو سوشل سیکورٹی سہولیات دینے کی ہدایت دی ۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ بعض مقدمات 1999 سے زیر التواء ہیں ۔ کیا ریاست سوئی ہوئی ہے ۔ بلوچستان میں ایک سٹور پرکیشیر کی جگہ چوکیدار کی تعیناتی کی وجہ سے 7 سو ملین کا نقصان بتایا جاتا ہے ۔ لیکن کارپوریشن انونٹری ، سٹاک رجسٹر، مانیٹرنگ کا نظام سخت بنائے ۔

سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے ۔ وزارت کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ عدالتی مقدمات کی روزانہ سماعت ، وکلاء سے رابطوں اور مقدمات کی نگرانی کیلئے وزارت میں خصوصی سیل قائم کر دیاگیا ہے۔ سینیٹر اعظم خان سواتی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے بدعنوانی کے خاتمے اور منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔

چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ کارپوریشن سینیٹر اعظم سواتی سے معاونت لے ۔ چیئرمین کمیٹی نے یہ ہدایت بھی دی کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مقابلے میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دوسرے اداروں کے نرخوں اور اشیاء کے بارے میں موازنہ رپورٹ فراہم کرے ۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرزمحسن عزیز، خٹک، کلثوم پروین، تاج حیدر، ہر ی رام، خانزادہ خان، اورنگ زیب خان، اعظم خان سواتی ، محسن عزیر، محمد عتیق شیخ کے علاوہ وزارت صنعت و پیدا وار ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ، ایف آئی اے ، نیب کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ ( و خ )

متعلقہ عنوان :