جماعة الدعوة نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے 40لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا

امدادی سامان میں سینکڑوں خاندانوں کیلئے خشک راشن،گرم بستر،ملبوسات اور ادوایات شامل،امدادی سامان چئیرمین ایف آئی ایف حافظ عبدالرئوف نے روانہ کیا۔ملک بھر سے امدادی سامان کے قافلے متاثرین کے لئے روانہ کئے جا رہے ہیں،حافظ عبدالرئوف کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 دسمبر 2016 20:56

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ افرادکے لئے ملتان سے 40لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا ۔امدادی سامان چئیرمین فلاح انسانیت فاونڈیشن(ایف آئی ایف) حافظ عبدالرئوف نے روانہ کیا۔امدادی سامان میں 500خاندانوں کے لئے خشک راشن (آٹا، چینی ،گھی ،چاول ،دالیں اور دیگر اشیائے خورونوش )پندرہ سو بستر ،500ملبوسات ، 200خاندانوں کیلئے کپڑوں کے جوڑے اورجوتے اور چار لاکھ روپے مالیت کی ادویات شامل ہیں ۔

امدادی سامان کے ساتھ 8رکنی میڈیکل ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں خدمات سر انجام دے گی ۔ چیئرمین فلاح انسانیت فائونڈیشن حافظ عبدالرئوف نے مرکز سعد بن ابی وقاص کچہری چوک سے سامان روانہ کیا،اس موقع پر جماعة الدعوة جنوبی پنجاب کے زونل مسئول ابو معاذ عمران ،جماعة الدعوة ملتان کے ضلعی مسئول میاں سہیل اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایف آئی ایف حافظ عبدالرئوف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے درجنوں نہتے لوگ شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں ،سینکڑوں خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ،برنالہ سے لیکر چکوٹھی تک ساری کنٹرول لائن پر یہی صورتحال ہے ،بچے ،بوڑھے ،عورتیں سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بے یارو مدد گار بیٹھے ہیں ،جبکہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت تاحال جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن نے تمام متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے ،برنالہ ،کوٹلی، نکیال، چکوٹھی ،تتہ پانی، عباس پور، ہجیرہ ،کھوئی رٹہ ،چکار ،چناری اوردیگر علاقوں میں پانچ ہزار خاندانوں میں ایک ماہ کا خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ،ایف آئی ایف کی میڈیکل ٹیموں نے 20سے زائد میڈیکل کیمپ لگا کر 6333متاثرین کا طبی معائنہ کیا اور لاکھوں روپے مالیت کی ادویات بھی تقسیم کی گئی ہیں ،نقل مکانی کر کے آنے والوں کے لئے کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو بستر و ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

فلاح انسانیت فائونڈیشن کے سینکڑوں رضاکار اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔ملک بھر سے امدادی سامان کے قافلے متاثرین کشمیر کے لئے روانہ کئے جا رہے ہیں،آج ملتان سے روانہ کیا جانے والا امدادی سامان بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے یہ امدادی سامان ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں رحیم یارخان ،بہاولپور، لیہ اورخانیوال کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے بھیجا جا رہا ہے۔

جس میں 500خاندانوں کے لئے (چاول ،چینی ،آٹا، دالیں ،گھی ،چائے ،بچوں کے لئے دودھ ) 1500بستر ،450ملبوسات ،200جوڑے جوتے اور چار لاکھ روپے مالیت کی ادویات بھی شامل ہیں ۔امدادی کھیپ کے ساتھ 8ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی جا رہی ہے جو مختلف علاقوں میںموبائل میڈیکل کیمپنگ کرے گی ۔ حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں ،150دن گزرنے کے باوجود بھارتی فوج ان کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکی، کشمیر کے بھائیوں نے قربانیوں کی انتہا کر دی اب ہماری باری ہے کہ ہم ان کے کندھے سے کندھا ملا کر تحریک آزادی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ان کا ساتھ دیں ،اس کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے ہر طبقے کے لوگ خصوصاً حکمران اپنے لڑائی جھگڑے اور مفادات کی جنگ کو چھوڑ کر کشمیریوں کے لئے یک آواز ہو کر عملی اقدمات کریں ۔