انسانیت کی خدمت افضل ترین اعمال میں شمار ہوتا ہے ، ڈپٹی کمشنر خضدار

بدھ 7 دسمبر 2016 20:28

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت افضل ترین اعمال میں شمار ہوتا ہے جس نے ایک جان بچائی گویا اس نے اللہ کے نزدیک بڑا اجر پایا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال خضدار میں (خدمت انسانیت دیانت کے ساتھ)کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے دورے کے موقع پر ڈاکٹرز سے بات چیت کے دوران کیا ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلاشبہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن سماجی تنظیموں کی جانب سے حکومتی اداروں سے تعاون خوش آئند عمل ہے انہوں نے سول اسپتال خضدار کے جملہ مرد و خواتین ڈاکٹروں اور منتظمین کیمپ کی رضاکارانہ خدمات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں جہاں مہنگائی اور غربت سے عام شہری سے لیکر تمام طبقات متا اثر ہیں کو علاج معالجے اور ادویات کی مفت فراہمی بھی نیک کام ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار شبیر احمد بادینی نے کیمپ کا باقائدہ افتتاح کیا اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر عبدالواحد ،ڈاکٹر عزیز بلوچ ،اور انجمن تاجران کے صدر حمید اللہ مینگل صدر پی ایم اے خضدار ڈاکٹر عزیز بلوچ ضلعی صدر پی پی ایم اے عبداللہ ساسولی و دیگر نے بھی کیمپ کا دورہ کیا کیمپ میں ضلع کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی بڑی تعداد نے علاج و معالجے کی مفت سہولتوں سے استفادہ حاصل کیا کیمپ میں مختلف دواساز کمپنیوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر ادویات فراہم کیں جب کہ سول اسپتال خضدار کے تمام مردو خواتین ڈاکٹروں نے شرکت کی کیمپ میں پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسیایشن کے اراکین نے بھی حصہ لیا۔