کسان پیکج سبز انقلاب کے لئے مددگار ثابت ہو گا،سیکرٹری زراعت

زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے، اشرافیہ کسان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،محمد محمود کی وفد سے گفتگو

بدھ 7 دسمبر 2016 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کسان پیکج سبز انقلاب کو عملی شکل دینے کے لئے اضافی مدد گار عامل ہے ‘ مذکورہ پیکج کسان کے خوابوں میں تعبیر کا رنگ بھر نے کا سبب بھی ہے‘کسان کو افلاس اور غربت کی دلدل سے نکالنے کے لئے حکومت پنجاب نے ٹھو س اور جوہری اقدامات کئے ہیں ،کسان کی تقدیر جگانے کا وقت آگیا ہے ۔

گزشتہ روز وہ یہاں کسان تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ کسان زمین کا سینہ چیر کر ہمارے لئے اجناس پیدا کرتا ہے لیکن یہ کسان جدید وسائل اور سہولتوں سے محروم رہا ہے اور اشرافیہ کسان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہے ۔بد قسمتی سے اسے اپنی محنت کا معاوضہ نہیں ملتا ، اگر ماضی میں کسان کو جدید ذرائع فراہم کئے جاتے تو ملک میں زرعی انقلاب نمودار ہو تا اور کسان معاشی ترقی کی کئی منازل طے کر لیتا لیکن اب ہم ماضی کے اندھیروں میں رہنے کے بجائے اب روشن مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہائی ٹیک سروس سینٹرز کے قیام سے کسان جدید مشینری استعمال کرکے اپنی پیداوار میں کئی گنا اضافہ کرسکے گا ، کسان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے۔ کسان پیکج میں حکومت نے اپنے وسائل کسان پر لٹا دئیے ہیں، اس کی ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور ادائیگی کے عمل میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں کسا ن میں کچھ کرنے کی لگن اور تڑپ موجود ہے وہاں ہمارا محکمہ بھی کسان کی بے لوث خدمت کرنے کے جذبہ سے سر شار ہے ،کسان کو جدید اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

کھاد پر سبسڈی سبزانقلاب کی طرف پیش قدمی ہے، وہ دن دور نہیں جب ہمارا کسان خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم ہوگا ،انہوں نے کہاکہ کسان کو خوشحال کرکے قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے اور ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔کسی کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے، ہر قیمت پر ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا ،اجلاس میں کسان نمائندوں نے حکومت پنجاب کی زرعی پالیسی پر اطمینان کااظہار کیا اور مسائل کے حل کے لئے حکومت کی سنجیدہ اور نتیجہ خیرکوشش کی تعریف کی۔