اپوزیشن کاکردار تعمیری ہونا چاہیے ،تنقید حکومت کی اصلاح کے لیے ہونی چاہیے‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی

موجودہ اسمبلی نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ قانون سازی کی ،ہم سب کو ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر اجتماعی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے‘ افسران سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر تربیت افسران کے 50رکنی وفد نے فیڈرل گورنمنٹ آف پاکستان کے سینئر آفیسر سعد ایس خان کی قیادت میں اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت پنجاب ، وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں صوبے کی معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔

موجودہ اسمبلی نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گزشتہ اور موجود ہ دور کی سپیکر شپ میں اسمبلی نے زراعت ، صحت ، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں مفاد عامہ سے متعلق271قونین پاس کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اخلاق اور کردار سے عوام متاثر ہونے چاہیئں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اپنے خطاب کے دوران بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سول سرونٹس کو سیاسی وابستگی سے با لا تر ہو کر، حکومت کے ساتھ وفاداری اور خلوص سے کام کرنا چاہئے۔

عوامی مسائل میں دلچسپی لے کر ان کے مسائل حل کرنا عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھا معاشرہ افراد کی اجتماعی سو چ سے پروان چڑھتا ہے۔ ہم سب کو ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر اجتماعی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ذاتی پسند اور نا پسند عوامی کی خدمت میں کبھی آڑھے نہیں آنی چاہیئں۔ سپیکر نے کہا کہ ہمیں بھوک ، افلاس ، بے روزگاری ، دہشت گردی ، اور انرجی کرائسسز جیسے بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔

لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ وطن عزیز بہت جلد انشاء اللہ امن کا گہوارہ ثابت ہو گا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔سی پیک کی صورت میں ہمسایہ ملک چین نے 46۔ارب ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی ہے۔ خنجراب سے گوادر تک 1942کلو میٹر کی شاہراہ کی تعمیر سے ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہو گا اور معاشی انقلاب آئے گا۔

وفد کے شرکاء نے متعدد سوالات کیے جن کے سپیکر نے تسلی بخش جوابات دیئے۔اراکین اسمبلی کی اجلاس میں حاضری کے سوال پر رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ وہ 1993 سے اسمبلی کے ممبر ہیں۔ وہ ملک میں موجود ہوں تو کبھی اجلاس سے غیر حاضرنہیں ہو ئے ۔ تمام اراکین ، اسمبلی اجلاس میں شرکت کو فوقیت دیں۔قوانین پر عمل درآمدکئے جانے کے سوال پر سپیکر نے کہا کہ اسمبلی کا کام قانون سازی ہے۔قوانین پر عمل درآمدکرواناحکومت کا کام ہے ۔ بعدازں سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر نے وفد کو اسمبلی رولز آف بزنس کے متعلق بریفنگ دی۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کا ایوان د یکھا اور لائبریری کا دورہ کیا۔