سیاست کو تجارت سے الگ کریں گے ،جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کا ’’ عام لوگ اتحاد ‘‘ کے نام سے سیاست جماعت کا باقاعدہ اعلان

کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ،پانامہ لیکس پر کمیشن نہیں بننا چاہیے ، سپریم کورٹ ہی فیصلہ کرے ، پی ٹی آئی پر پیرا شوٹ لوگوں کا قبضہ ہو چکا ‘ پریس کانفرنس

بدھ 7 دسمبر 2016 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے ’’ عام لوگ اتحاد ‘‘ کے نام سے اپنی سیاست جماعت بنانے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو تجارت سے الگ کریں گے ،پارٹی میں 80فیصد عوامی نمائندے ہوں گے ، آئندہ عام انتخابات سے پہلے پارٹی الیکشن کرائے جائیںگے ، پانامہ لیکس پر کمیشن نہیں بننا چاہیے ، سپریم کورٹ ہی فیصلہ کرے ، پی ٹی آئی پر پیرا شوٹ لوگوں کا قبضہ ہو چکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں اپنی نئی سیاست جماعت ’’عام لوگ اتحاد‘‘ کا اعلان کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر کسان اتحاد کے چیئر مین چوہدری محمد انور،پنجاب کے صدر لالی خان،ڈاکٹر شفیق،طاہر سید،وسیم ظفر،فروز شاہ نورانی،ظفر عثمان سمیت دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا کہ حکمرانوں نے لندن میں فلیٹ خریدنے کا اعتراف کرلیا ہے ۔

میں کل بھی پاناما لیکس پر کمیشن بننے کے خلاف تھا اور آج بھی خلاف ہوں۔اس کا فیصلہ صرف سپریم کورٹ کو ہی کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آج کی عدالیہ انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ انتظامیہ نے ان کو یرغمال بنا لیا ہے۔ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، اس کے خاتمے کے بغیر ہم دیگر ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کیسے کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔ہماری پارٹی میں کوئی شخص عہدوں کا خواہش مند نہیں ہے۔پارٹی میں 80عوامی نمائندے ہونگے ۔اسمبلیوں میں 99فیصد نمائندوں کا تعلق امیر طبقے سے ہے جبکہ ہماری ترجیحی ،یوتھ ،خواتین ،مینارٹی اور مزدور ہیں ہم ان کو اسمبلیوں میں لے کر آئیں گئے۔انہوں نے مزید کہا آئندہ عام انتخابات سے قبل پارٹی الیکشن کرائے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پیرا شوٹ لوگوں کا قبضہ ہو چکا ہے ، ہم سیاست کو تجارت سے الگ کریں گے ۔