وزات قومی صحت آئی ایس او 9001 حاصل کرنے والی پہلی وزارت بن گئی

بدھ 7 دسمبر 2016 18:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء)اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے عالمی معیار کو متعین اور اس کی تصدیق کرنے والے ادارے آئی ایس نے یہاں ہونے والی ایک تقریب میں وزارت قومی صحت کی خدمات، ضوابط اور رابطہ کاری کو ISO-9001-2015 کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک پرُوقار تقریب میں آئی ایس او کی جانب سے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو آئی ایس او سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔

تقریب میں وزارت قومی صحت کے اعلی افسران اور ملازمین موجود تھے۔ اس موقع پر 38 افسران جن کو خصوصی طور پر آئی ایس او کی جانب سے تربیت دی گئی میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یہ یقینا ایک اہم سنگ میل ہے اور انہیں بجا طور پر اس بات پر فخر ہے کہ مسلسل محنت او ر کوشش کے ذریعے وزارت قومی صحت میں اصلاحات کا ایجنڈا جس کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا اس کی عالمی سطح پر ستائش کی گئی ہے اور عالمی معیار متعین کرنے والے ادارے آئی ایس او نے نظام کی بہتری اور اس کے بین الاقوامی معیار پر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ اور امید کی جاتی ہے کہ دیگر محکمے بھی اس -9001-2015 ISO کے حصول کے لیے کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں نظام میں بہتری لائی جائے گی۔ وزیر صحت نے یاد دلایا کہ 2015 میں پاکستان میں ویکسین کے نظام کو عالمی سطح پر استوار کیا گیا اور اس سال کے شروع میں ا س کے لیے آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کی گئی۔

جس کی تعریف عالمی ادارہ گائوی کے اعلیٰ سطحی مشن نے کی۔اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری قومی صحت محمد ایوب شیخ نے بتایا کہ آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کرنے کی کوششیں گذشتہ ڈیڑھ سال سے جاری تھیں اور اس حوالے سے ہم نے منیجمنٹ کے نظام اور شفافیت میں بہتری لائی۔ انہوں نے کہا کہ اس معیار کے تحت وزارت کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ نے بتایا کہ آئی ایس اوکے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2015 میں USAID کی مدد سے ISO-9001-2015 کے معیار کے حصول کے لیے کوششیں شروع کی گئی اور ایک قلیل عرصے میں ہم یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔