نوجوانوں کو بحث کے فن پر عبور حاصل کرنا چاہیے، نوجوان پاکستان کے مستقبل پر گفتگو کریں جو کہ ان کا اپنا مستقبل ہے

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک موڈی کا تقریب سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 17:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک موڈی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بحث کے فن پر عبور حاصل کرنا چاہیے، نوجوان پاکستان کے مستقبل پر گفتگو کریں جو کہ ان کا اپنا مستقبل ہے۔میں ان نوجوانوں کے خیالات اور صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے 'دی گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹشن' کے سیمی فائنل مقابلوں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ مجھے اسلام آباد کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائد اعظم یونیورسٹی میں 'دی گریٹ ڈیبیٹ' کا انعقاد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔انہوں نے سیمی فائنل میں اول اور دوم پوزیشن جیتنے والے طلباء کو فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیوننگ اسکالرشپ ایلمونائی، برطانوی ہائی کمیشن کے اعلٰی عہدیداران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی یونیورسٹیوں سے آٹھ طلباء نے مباحثے میں حصہ لیا۔ ان طلباء نے پاکستان کے مستقبل کی اہمیت کو مدنظررکھتے ہوئے تعلیم کی اہمیت، کاروبار، صنفی امور، ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی جیسے موضوعات سے متعلق مضامین کے حق اور مخالفت میں بحث کی۔ ججوں کے فیصلے کے مطابق قائدِ اعظم یونیورسٹی کے سردار جہاں زیب نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور فاطمہ جناح وومین یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی مریم زاہد دوسری پوزیشن کی حقدار ہوئیں۔

قائدِ اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے کہاکہ نوجوان دماغوں کو عوامی خطابت کا فن سکھانے کے لیے 'دی گریٹ ڈیبیٹ' بہترین موقع ہے۔ یہ انسانی تاریخ کی اہم ترین شخصیات کا مشترکہ فن ہے۔ اس اہم مقابلے کے انعقاد اور قائدِ اعظم یونیورسٹی کو اس مقابلے کی میزبانی کے لیے منتخب کرنے پر میں برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کا شکر گزارہوں۔

آج کے فاتحین 'دی گریٹ ڈیبیٹ ' کے فائنل رائونڈ میں شامل ہوجائیں گے۔ فائنل رائونڈ اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر چھ شہروں کے فاتحین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مقابلے میں حصہ لینے کی ترغیب بڑھانے کے لیے اس سال 'دی گریٹ ڈیبیٹ' میں اول اور دوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے وظیفہ کی رقم میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :