پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ضلع کونسل چیئرمین اور وائس چیئرمین کا اعلان کر دیا

بدھ 7 دسمبر 2016 17:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی ٹکٹوں کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین یونین کونسل بدھڑ ملک طار ق ڈھلی کو چیئرمین ضلع کونسل کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ جبکہ سردار غلام عباس کی طرف سے نامزد کیے جانے والے خورشید بیگ کو وائس چیئرمین کا ٹکٹ جاری کردیا گیا۔

بدھ کے روز لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ضلع چکوال کے تمام 9پارلیمنٹرینز کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ نامزدگیاں کی گئیں۔ رکن قومی اسمبلی میجر طاہراقبال کے بھائی ملک نعیم اصغر اعوان اور صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی کے والد محمد اسلم سیتھی جو متوقع امیدوار سمجھے جا رہے تھے۔ کمیٹی نے ان کو نظر انداز کر دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ایک سال قبل سہگل آباد ضلع چکوال کے بڑے اجتماع میں واضح اعلان کیا تھا کہ ہم عوام کے خادم لائیں گے۔

(جاری ہے)

اس طرح ایک عام چیئرمین کو ضلع کونسل کی چیئرمینی کاٹکٹ بڑا حیرت انگزیز ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کمیٹی نے چند روز قبل مخصوص نشستوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے 10 چیئرمینوں کی طرف سے مسلم لیگ ق کے امیدوار کو ووٹ دینے کا بھی سخت نوٹس لیا ہے۔ میجر طاہر اقبال ، سردار ممتاز ٹمن ایم این اے اور ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کسان نشست پر مسلم لیگ ق کے پانچ چیئرمینوں کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی تھی اور کسان نشست پر ان کے ووٹ لیکر کامیابی حاصل کر لی تھی مگر اس کے بدلے میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ق کے امیدوار کو مسلم لیگ ن کے 10 ووٹ ڈلوا دیے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نوٹس میں بھی یہ بات لائی گئی تھی جس کے نتیجے میں شریف برادران نے اراکین اسمبلی کے نامزد قریبی رشتہ داروں کو چیئرمینی کیلئے مسترد کر دیا۔ ملک طارق ڈھلی کے چیئرمین اور خورشید بیگ کے وائس چیئرمین نامزد ہونے پر مجموعی طور پر مسلم لیگی حلقوں میں بھی اطمینان کااظہار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :