مستقبل میں پاک جاپان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرامید ہوں،توشی کازواسومورا

حکومت جاپان نے آفیشل ڈویلپمنٹ اسسٹنس کے ذریعے نارتھ کراچی میں بچوں کا اسپتال تعمیر کیا ہے ،جاپانی قونصل جنرل کا تقریب سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) حکومت جاپان نے آفیشل ڈویلپمنٹ اسسٹنس ODA)) کے ذریعے نارتھ کراچی میں بچوں کا اسپتال تعمیر کیا ہے اور مستقبل میں یہ اسپتال اپنا کام شروع کردے گا جس سے شہر بالخصوص نارتھ کراچی کے بچے علاج کی سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے ان خیالات کا اظہار جاپانی قونصل جنرل توشی کازو اسومورا نے قونصل خانہ جاپان کے زیراہتمام جاپان کے قومی دن کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران کیاانہوںکہا کہ پاک جاپان تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے جس کی مثال پاکستان میں اس وقت 80سے زائد جاپانی کمپنیوں کا کام کرنا ہے جن کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اس کے علاوہ پاکستان سے اعلی تعلیم کے حصول کے لئے 200سے زائد طلباجاپان میں موجود ہیں اسی طرح جاپان سے پاکستان آنے والے جاپانیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی دن کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ جاپان میں بادشاہت کا سلسلہ سب سے قدیم ہے جو 2700سال سے زائد عرصے پر محیط ہے اور موجودہ شہنشاہ جاپان کے 125ویں شہنشاہ ہیں جو اس سال 23دسمبر کو 83برس کے ہو جائیں گے انہوں نے اپنی تقریر میں شہنشاہ جاپان کی صحت اور درازی عمر کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اورآئے ہوئے مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا تقریب کے مہمان خصوصی اکرام اللہ دھاریجو وزیر کوآپریشن کے علاوہ شرمیلا فاروقی، ڈاکٹر فاروق ستار، رضا ہارون، فیصل سبزواری کے علاوہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور بزنس مینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب سے ملحقہ ہال میں جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (JETRO) کے اشتراک سے جاپان بزنس ایگزیبیشن 2016کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں جاپانی کمپنوں نے اپنی مصنوعات ڈسپلے کی تھیں ۔

متعلقہ عنوان :