Live Updates

ْحکمرانوں اور انکے غیر ملکی دوستوں نے پاکستان کو شکار گاہ بنایا ہوا ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

شریف خاندان اور ان کے حواری نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب یہ پانامہ کے شکنجے سے باہر نہیں نکل سکیں گے‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

بدھ 7 دسمبر 2016 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوںکو بیرون ممالک سے اربوں روپے تحفے میں تو مل جاتے ہیں لیکن حیرت ہے حکمرانوں کے یہی دوست عوام کی فلاح کیلئے مفت میں ایک پائی دینے کو تیار نہیں ہوتے ،شریف خاندان اور ان کے حواری نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب یہ پانامہ کے شکنجے سے باہر نہیں نکل سکیں گے ،خدارا قوم اگر اب بھی بیدار نہ ہوئی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی آنکھیں بند کر کے ووٹ کا استعمال کیا گیا تو پھر ملک پر چھائے تاریکی کے سائے مزید گہرے ہو جائیں گے ۔

گزشتہ روز پارٹی دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان کے تمام افراد کے بیانات میں واضح تضاد ہے ، پہلے کہا گیا کہ سٹیل مل فروخت کر کے بیرون ممالک جائیدادیں خریدی گئیں ۔

(جاری ہے)

پھرقطر ی دوست کی مالی معاونت کا بیان سامنا آ گیا ۔ حکمران ملک و قوم کے پیسے سے تحفے تحائف دے کر بیرون ممالک کے حکمرانوں اورامیر خاندانوں سے دوستی پالتے اور نبھاتے ہیں اور پھر انہیں اس کے بعد اپنے لئے بھی اربوں روپے تحائف میں مل جاتے ہیں لیکن یہی دوست عوام کی فلاح کیلئے مفت میں ایک پائی دینے کو تیار نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور ان کے غیر ملکی دوستوں نے پاکستان کو شکار گاہ بنایا ہوا ہے ۔ قوم کو اس بارے سوچنا ہوگا بصورت دیگر ہماری قومی غیرت کا جنازہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بد قسمتی سے ہمیں بھکاری بنا دیا گیا ہے اور اس کے ذمہ دار ہر دور میں اقتدار میں آنے والے حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ہم آزاد اور غیر تمند قوم ہیں اور ہمیں اپنے عملی اقدامات سے اسے ثابت کرنا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات