ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں اور اس کا واحد حل انتخابی عمل میں ان کے کردار کو موثر بنانا ہے، الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات سے پہلے ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنائیں، ووٹ عوام کی امانت ہوتی ہے اور اس میں کی گئی خیانت کا عذاب قومیں مدتوں بھگتتی ہیں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

بدھ 7 دسمبر 2016 15:45

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں اور اس کا واحد حل انتخابی عمل میں ان کے کردار کو موثر بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں،ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے قومی ووٹر ڈے کے موقع پر یہاںگورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، سیمینار میں معروف دانشور مجیب الرحمان ، الیکشن کمیشن پنجاب کے افسران اور سٹاف نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک مستحکم اور جمہوری نظام میں ہر فرد انفرادی اہمیت کا حامل ہے جو ملک و قوم کے مقدر کا ستارہ ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ حکومت نہ صرف اس جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے پر عزم ہے بلکہ اس میں ہر شخص کے فعال کردار کو موثر بنانے کیلئے کوشاں ہے،انہوں نے کہا کہ 7 دسمبر کو ووٹرز کا قومی دن منانے سے عوام اپنے ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے اور مجھے اس بات کی نہایت مسرت ہو رہی ہے کہ الیکشن کمیشن نے رواں سال اس حوالے سے ایک سیمینار کے انعقاد کیلئے گورنر ہائوس کا انتخاب کیا ہے، گورنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن میں ٹرن آئوٹ کا تناسب خاصا حوصلہ افزاء رہا تاہم اس میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے قیام اور اس میں افسران اور سٹاف کی تربیت سے انتخابی عمل میں مزید بہتری آئے گی جبکہ انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی ،ْ الیکٹرک ووٹنگ مشین کا استعمال بھی وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوںنے کہا کہ الیکشن کیلئے ضابطہ اخلاق کی تیاری میں سیاسی پارٹیوں کی شمولیت خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ اس سے ایک ایسا ضابطہ اخلاق تیار کرنے میں مدد ملے گی جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو گا اور قوم کا جمہوری عمل میں اعتماد بڑھے گا، گورنر پنجاب نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات سے پہلے ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، انہوں نے کہاکہ ووٹ عوام کی امانت ہوتی ہے اور اس امانت میں کی گئی خیانت کا عذاب قومیں مدتوں بھگتتی ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب مسعود احمد ملک نے انتخابی عمل میں اصلاحات کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا، سیمینار سے رکن الیکشن کمیشن پاکستان جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ،ْ معروف دانشور اور تجزیہ نگار مجیب الرحمان شامی ،ْ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال پر روشنی ڈالی، تقریب کے اختتام پر مقامی گورنمنٹ سکول کی بچیوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔