ٹریول ایجنٹ حج کے نام پر 355 افراد سے کروڑوں روپے لے کر رفو چکر

ملزمان رقم اور پاسپورٹ واپس مانگنے پر دھمکیاں دے رہے ہیں،متاثرین

بدھ 7 دسمبر 2016 14:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) راولپنڈی کا ٹریول ایجنٹ حج کے نام پر 355 افراد سے کروڑوں روپے لے کر رفو چکر ہو گیا۔ ملزمان رقم اور پاسپورٹ واپس مانگنے والوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔درخواست کے باوجود ایف آئی اے نے ابھی تک بااثر ملزمان کے خلاف موثرکارروائی نہیں کی۔ حج و عمرہ ٹریول بھمبر آزاد کشمیر کے محمد راشد، مشتاق کوہ مدینہ ٹریول ٹوورز عمرہ و حج سروسز حیدر روڈ صدر راولپنڈی کے میجر محمد ہارون اور کلرک محسن خان اور قاسم نے مانسہرہ اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کو سستے عمرہ پیکیج کے تحت عمرہ کرایہ اور لوگوں میں اپنا اعتماد بحال کرنے کے بعد 2016ء میں انہیں سستے حج پیکیج کا لالچ دیا جس کے جھانسے میں آ کر 355 افراد نے حج کیلئے اپنے پاسپورٹ اور 6 کروڑ 50 لاکھ کی رقم راشد اور ہارون کو مختلف تاریخوں میں حوالے کی۔

(جاری ہے)

حج کے دن قریب آتے ہی ملزمان رقم اور پاسپورٹس سمیت رفو چکر ہو گئے۔ اب لوگوں کو نہ رقم دے رہے ہیں، نہ پاسپورٹس۔ ملزمان کے خلاف ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد کو درخواست دی لیکن ایک ماہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود اب تک ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف کوئی موثرکارروائی نہیں کی۔ متاثرین کے نمائندوں محمد ساجد، شہناز بیگم، محمد فرید شاد اور محمد فیاض نے بتایا کہ ملزمان ایف آئی اے کو درخواست دینے پر دھمکیاں دے رہے ہیں۔

لوگوں نے اپنی زندگی بھر کی محنت کی کمائی ملزمان کے حوالے کی تھی تاکہ وہ حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔ کئی متاثرین ضعیف اور بزرگ شہری ہیں۔ وزیر داخلہ ہمیں انصاف دلائیں اور ایف آئی اے کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور رقم کی بازیابی کے لئے احکامات دیں۔ ایف آئی اے کے متعلقہ حکام سے ان کا موقف جاننے کے لئے کئی بار رابطہ کیا گیا لیکن کسی افسر نے فون تک اٹینڈ نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :