سردار نسیم میئربلدیہ کیلئے پارٹی قیادت کا بہترین انتخاب ہیں، حاجی پرویز خان

ْپارٹی قیادت کے مستحسن فیصلے سے لیگی کارکنان میں خوشی کی لہر دورڑ گئی ہے، رہنماء (ن) لیگ

بدھ 7 دسمبر 2016 13:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سابق رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز خان نے پارٹی قیادت کی طرف سے سردار محمد نسیم خان کو بلدیہ راولپنڈی کی میئر شپ کا امیدوار نامزد کرنے پروزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور حمزہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے پارٹی کارکنان میںخوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ سردار نسیم پارٹی کارکنان کی دلوںکی دھڑکن ہیں جنہوں نے ہر آڑے وقت میں قید و بند کی صوبتیں جھیل کر پارٹی کو منظم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور آمرانہ دور کے ہر ظلم وتشدد کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے سیاسی ثابت قدمی کی مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)سے طویل سیاسی وابستگی اور راولپنڈی کے لئے ان کی سیاسی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

حاجی پرویز خان نے کہاکہ سردار نسیم کے حق میں فیصلہ کرکے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک مستحسن فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کارکنان کا انتخاب بھی یہی تھا۔ حاجی پرویز خان نے امید ظاہر کی کہ میئر راولپنڈی کے طور سردار نسیم راولپنڈی کے شہریوںکے مسائل حل کرنے اور راولپنڈی شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے ایسے منصوبے شروع کریں گے جن سے اہلیان راولپنڈی کی مشکلات دورہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ ایک دیرینہ پارٹی کارکن کو بلدیہ راولپنڈی کے میئر کے امیدوار کیلئے نامزد کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے کارکنان کے دل جیت لئے ہیں ۔