کھجور کے پودوں کو گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت

بدھ 7 دسمبر 2016 13:47

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے کھجور کے کاشتکاروں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ باغبان و کاشتکار دسمبر کے رواں ہفتہ میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کر لیں جبکہ انہوںنے رواں ماہ دسمبر کے آخر اور اگلے ماہ جنور ی کے پہلے عشرہ کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی آدھی مقدار ڈالنے کا بھی مشورہ دیاہے۔

انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کو 4سی5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کروانی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 31دسمبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد جنوری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کھاد تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلائو کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں ۔ انہوںنے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی ، پرانے پتوں کو توڑنے ، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوںسے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کر سکیں۔