سویابین کی کاشت بروقت مکمل کریں،ماہرین

بدھ 7 دسمبر 2016 13:47

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے کسانوں کو سویابین کی کاشت بروقت مکمل کرنے اور میرازمین کے انتخاب کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سویابین کی کاشت مقررہ مدت تک مکمل کرنے سے اس کی بڑھوتری کا عمل احسن طریقے سے جاری رہتا ہے تاہم سویا بین کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے میرا زمین کا انتخاب ضروری ہے جبکہ سویا بین کی منظور شدہ اقسام ولیمز 82، این اے آر سی 1، این اے آر سی 2، فیصل سویابین فی ایکڑ بمپر کراپ کی فراہمی کی ضامن ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میر ا زمین کیلئے ضروری ہے کہ اس میں پانی کا اچھا نکاس موجودہو تاکہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے ۔ انہوںنے کہا کہ زمین کی تیاری کیلئے کھیت میں دو سے تین بار ہل چلانے کے علاوہ اسے سہاگہ دیا جائے نیز فصل کی کاشت صبح یا شام کے اوقات میں اس وقت کی جائے جب زمین تر وتر حالت میں موجود ہو ۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی ، معلومات یا مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔