ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس

منگل 6 دسمبر 2016 23:24

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹیپو کی صدارت میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور رینجرز کے افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد حسن خاصخیلی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو امیر علی میرانی، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مسعود احمد بھٹو سمیت مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ربیع الاول مسلمانوں کے لیے برکت کا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت کے لیے اپنے محبوب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہمیں نوازا اور دنیا کے کروڑوں لوگوں پر رحمتیں برسائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اس مہینے کو منانے کے لئے لارکانہ کے تمام ادارے اپنے فرائض سرانجام دیں گے، پولیس اور رینجرز سمیت سیکورٹی اداروں نے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کیا اور محرم الحرام ہو چاہے چہلم ربیع الاول کے جلوسوں کو بھی سیکورٹی دی جائے گی۔ اس موقع پر تمام مذہبی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کو تعاون کی مکمل یقین دہانی بھی کروائی۔