پاکستان اور بالٹک ریاست لتھویا کا دوطرفہ تعلقات اورتعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق

منگل 6 دسمبر 2016 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) پاکستان اور بالٹک ریاست لتھویا نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ یہ اتفاق رائے منگل کو یہاں دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ سیاسی مشاورت کے دوران پایا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستان جبکہ لتھویا کی وزارت خارجہ کے سٹیٹ سیکرٹری اینڈرس نے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات اور عالمی سطح پر رابطوں کا جائزہ لیا اور دو طرفہ تعلقات سمیت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز کی سطح پر تعاون مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سٹیٹ سیکرٹری نے بعد ازاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی۔ مشیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی، تجارتی تعلقات اور تعلیمی اور ٹیکنکل شعبوں میں تعاون مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔لتھویا کے سٹیٹ سیکرٹری نے جوہری سلامتی سے متعلق پاکستان کے سنٹر آف ایکسلینس۔ پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :