پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو انتہائی مضبوط ادارہ بنایا جائے گا،صوبائی وزیر مہر اعجاز احمداچلانہ

منگل 6 دسمبر 2016 23:07

ملتان۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب مہر اعجاز احمداچلانہ نے کہاہے کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کو انتہائی مضبوط ادارہ بنایا جائے گا تاکہ قدرتی آفات اور ناگہانی حادثات کی صورت میں ریسکیواور ریلیف کی کارروائی کو مؤثر اور تیز ترین بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام دریائوں کے بند مضبوط بنانے کے لئے پلان تیا رکیا جائے گا تاکہ سپر فلڈ آنے کی صورت میں بھی اس کا مقابلہ کیا جاسکے اس کے علاوہ صوبہ بھر کی تمام تحصیلوں میں ایمر جنسی ریسکیو1122کے سنٹر قائم کرنے کا ٹارگٹ پور ا کیا جائے گااور ان کا دائرہ کار ٹائونز تک بڑھا یا جائے گا۔

صوبائی وزیرنے ملتان میں جنوبی پنجاب کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا ڈائریکٹوریٹ اور پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ اعلان انہوں نے سرکٹ ہائوس ملتان میں منعقدہ اجلاس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ اور ممبر صوبائی اسمبلی را نا طاہر شبیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا محکمہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصدصرف سیلاب سے نمٹنا نہیں بلکہ زلزلہ ، حادثہ ، ژالہ باری ،آتشزدگی اور خوراک کی کمی جیسے مسائل کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنا بھی اس محکمہ کے دائرہ کار میں شامل ہے ۔ مہر اعجاز اچلانہ نے کہا کہ قدرتی آفات کی صورت میں ریسکیواور ریلیف کاکام کرنے والے انہار ، صحت ، لائیو سٹاک ، واسا ، سول ڈیفنس ، ریسکیو1122، ٹی ایم ایز ، انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنی ضروریات کے حوالے سے سفارشات تیار کریں تاکہ کسی بھی آفت یا ناگہانی حادثے سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات مکمل کئے جاسکیں ۔

انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی را نا طاہر شبیر کی سفارش پر ملتان میں پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے ڈی سی او ملتان کو انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے جگہ منتخب کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :