جوہری اثاثوں کی حٖفاظت کیلئے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی سربراہی میں موثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم ہے، تمام ملکوں کو جوہری سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے قومی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا جوہری سلامتی سے متعلق دوسری بین الاقوامی وزارت کانفرنس سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جوہری اثاثوں کی حفاظت بنیادی طور پر قومی ذمہ داری ہے، جوہری اثاثوں کی حٖفاظت کیلئے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی سربراہی میں موثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم ہے، تمام ملکوں کو جوہری سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے قومی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی اے ای اے کے زیر اہتمام ویانا میں جوہری سلامتی سے متعلق دوسری بین الاقوامی وزارت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ پاکستان وفد میں پاکستان اٹامن انرجی کمیشن، پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی، سٹریٹجک پلان ڈویژن کے نمائندے اور آسٹریا میں پاکستان کے سفیر بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے جوہری اثاثوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی جوہری سلامتی کے مقاصد کو مستحکم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جوہری سلامتی بنیادی طور پر قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس بات پر بھی مکمل یقین ہے کہ عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کا بین الاقوامی نیوکلیئر سیکورٹی آرکیٹیکچر مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی مواد کے فیزیکل تحفظ سے متعلق ترمیمی معاہدے کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مضبوط ایکسپورٹ کنٹرول قائم کر رکھا ہے جو تمام اہم عالمی ایکسپورٹ کنٹرول رجیمز پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1540کمیٹی کو باقاعدگی سے رپورٹس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سویلین جوہری پرگرام کی حفاظت کا پانچ دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔