ہم نصابی سرگرمیاں طلباء میں مقابلے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن

منگل 6 دسمبر 2016 22:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن و ڈسٹرکٹ سکائوٹ کمشنر محمد اشفاق گجر نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلباء میں مقابلے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں ،انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیںاور طلباء کو معاشرے کے مفید شہری بننے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ طلباء کوتعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا چاہیے ۔

سکائوٹس معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، سکائوٹنگ نظم و ضبط کانام ہے، سکائوٹ کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت اور بھلائی ہے، نسل نوکی تربیت میں سکائوٹس تحریک کی سرگرمیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔ سکائوٹ تحریک درحقیقت نوجوانوں کی کردار سازی کا بہترین ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل سکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچ روزہ سکائوٹ تربیتی پروگرام کے آخری روز ’’کیمپ فائر و سکائوٹ فیملی ڈے ‘‘ کے حوالے سے سکائوٹ ہیڈ کوارٹر میں جاری تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

محمد اشفاق گجر نے مزید کہا کہ سکائوٹنگ طلبہ کو مہذب شہری بنانے کا ہنر سکھاتی ہے اور سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہا ہے۔ اچھا سکائوٹ بننے کیلئے خود کو مصیبت میں ڈال کر دُکھی انسانیت کی خدمت کو شعار بنانا ہے۔ ٹریننگ کیمپ میں نوجوان طالب علموں کو سکائونٹنگ کی تربیت دے کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا رہا ہے۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ سکائوٹس کی معاشرے میں خدمات مثالی اور قابل تعریف ہیں۔

اس موقع پر ریجنل سکائوٹس آرگنائزر سید ضمیر الاسلام بخاری نے کہا کہ سکائوٹ کیمپس میں نوجوانوں کو بہتر انداز میں تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مشکل گھڑی میں انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دے سکے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ صحت مندانہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔پانچ روزہ تربیتی سکائوٹ کیمپ میں نوجوانوں کو ریسکیو ، ماحولیات، ٹریفک، سول ڈیفنس سمیت ہمہ قسم کی تربیت دی گئی اور مختلف قسم کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ تقریب میں ملک محمد شریف ڈسٹرکٹ سکائوٹس سیکرٹری ، سجاد حسین بھٹی ، اشفاق انصاری ، فرحان شبیر، ارسلان انصاری، دانیال حشمت، امتیاز رانا ، باسط علی سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے سربراہان اور سکائوٹ لیڈرز بھی شریک تھی