عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،عارف یوسف معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

منگل 6 دسمبر 2016 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون و پارلیمانی امور عارف یوسف نے کہا ہے کہ اپنے حلقے کے عوام کو درپیش پانی ،بجلی ،گیس اور صحت کے مسائل حل کرنے اور بنیادی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے سیکرٹری اور ممبران سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر تاجر برادری کے رہنما اور معززین علاقہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پشاور کینٹ میں گیس کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ گیس کے مسائل کے حل کے لئے محکمہ سوئی گیس نے پائپ فراہم کر دئیے ہیں جبکہ کام کا آغاز کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے این او سی جاری کرنے کے بعد ہوگا۔عارف یوسف نے کہا کہ حلقہ پی کے۔4میں گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث عوام کو کئی مشکلات کا سامنا ہے اور یہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کے حل کے لئے تیزی کے ساتھ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔