سپریم کورٹ نے راجہ شوکت عزیز بھٹی کی رکن پنجاب اسمبلی کی معطل رکنیت بحال کردی

منگل 6 دسمبر 2016 22:13

سپریم کورٹ نے راجہ شوکت عزیز بھٹی کی رکن پنجاب اسمبلی کی معطل رکنیت ..

․اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 4 گوجر خان سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کی معطل رکنیت بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل خارج کردی۔ منگل کوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میںدو رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کے حوالے سے دائر اپیل کی سماعت کی۔

اس موقع پر راجہ شوکت عزیز بھٹی کے وکیل وحید انجم ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ بی اے کی جعلی ڈگری کے معاملے پر الیکشن کمیشن نی2013ء میں ان کے موکل کیخلاف مقدمہ دج کراتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کردی تھی اور ان کو بطور ایم پی اے کام سے روک دیا تھا جس کیخلاف راجہ شوکت عزیز بھٹی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ نے ان کی رکنیت صوبائی اسمبلی بحال کرنے کا حکم دیا تو ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

فاضل وکیل نے بتایاکہ سیشن کورٹ نے مقدمہ نمٹاتے ہوئے ان کے موکل کی رکنیت بحال کردی۔ اس فیصلے کو ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا ہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی اپیل خارج کرکے ان کے موکل کی اسمبلی کی رکنیت بحال کرے جس پرعدالت نے الیکشن کمیشن کی اپیل خارج کرتے ہوئے راجہ شوکت عزیز بھٹی کی رکنیت صوبائی اسمبلی بحال کردی۔