سرحد چیمبر آف کامرس کاتاجر برادری کو 15ہزار تک پروفیشنل ٹیکس کے نوٹسز کے اجرا پر تشویش کا اظہار

منگل 6 دسمبر 2016 21:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پشاور کی جانب سے تاجر برادری بالخصوص کوچی بازار کی ٹیلرز برادری کو 15 ہزار تک پروفیشنل ٹیکس کے نوٹسز کے اجرا پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے متاثرہ تاجر برادری اتنے بھاری پروفیشنل ٹیکس کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔

انہوں نے کوچی بازار کے تاجروں کے پروفیشنل ٹیکس کے معاملے پر 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو اپنی سفارشات سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو پیش کرے گی جس کے بعد صوبائی حکومت اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پشاور کے حکام کے ساتھ اعلی سطحی مذاکرات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوچی بازار کے ٹیلرز کے ایک وفد سے چیمبر ہائوس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اقبال نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی صدر کوچی بازار صد ر گل فیض رسول ٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر اجمل خان اور نواب حاجی سمیت ٹیلرز برادری کے نمائندے کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے کہا کہ سرحد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے اور پروفیشنل ٹیکس سمیت تاجر برادری کے تمام مسائل باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر کے دروازے تاجر برادری کے کھلے ہیں اور وہ مسائل کے حل کیلئے چیمبر آکر اپنی مشکلات کا اظہار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اس لئے کوچی بازار کی ٹیلرز برادری کو پروفیشنل ٹیکس کے نوٹسز کے اجرا کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو محکمہ ایکسائز اور ٹیلرز برادری کے ساتھ پروفیشنل ٹیکس کے معاملے پر مذاکرات کرکے پروفیشنل ٹیکس کے ریٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات انہیں پیش کرے گی جس کے بعد صوبائی حکومت اور محکمہ ایکسائز کے افسران سے بات چیت کی جائے گی۔

کوچی بازار ٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر اجمل خان نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کی جانب سے ٹیلرز برادری کے مسائل ہمدردانہ طور پر حل کرنے اور انہیں چیمبر کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی جو فیصلہ کرے گی اسے تسلیم کیا جائے گا ۔