یونیورسٹی روڈ کی ازسرنو تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے جسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی،میئر کراچی

یہ انتہائی اہم ،مصروف سڑک ہے ،اپنی خستہ حالی کے باعث نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہے بلکہ یہاں سے گزرنیوالوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے،وسیم اختر

منگل 6 دسمبر 2016 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی ازسرنو تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے جسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی یہ انتہائی اہم اور مصروف سڑک ہے جو اپنی خستہ حالی کے باعث نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہے بلکہ یہاں سے گزرنے والے لوگوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے ہم نے اسی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کرا دیا ہے پہلے مرحلے میں یہاں موجود گڑھوں کو ریتی ڈال کر بھر دیا گیا ہے جبکہ رات کے اوقات میں یہاں پانی ڈال کر انہیں ہموار کردیا جائے گا تاکہ ریت نہ اڑے۔

بعدازاں متبادل راستہ بناکر اس اہم ترین سڑک کو نئے سرے سے بنایا جائے گا یہ بات انہوں نے منگل کی دوپہر یونیورسٹی روڈ کے دورے اور سڑک کی مرمت کے کاموں کے معائنے کے موقع پر وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل ، ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے یونیورسٹی روڈ پر کراچی یونیورسٹی سے صفورہ گوٹھ تک ہونے والے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو اس کام کو جلد از جلد مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کو حسن اسکوائر سے نیپا چورنگی تک اور این ای ڈی یونیورسٹی سے صفورہ گوٹھ تک ازسرنو تعمیر کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے قبل یہاں نکاسی آب کے نظام سمیت اسٹریٹ لائٹس کی بھی تنصیب کی جائے گی جبکہ مذکورہ مقام سے مختلف پولز کو بھی ہٹایا جائے گا انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت کردی گئی ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں کریں تاکہ یہ کام جلد از جلد مکمل ہوسکے اور اس دوران بہتر متبادل راستہ فراہم کیا جائے تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ آئی جی سندھ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس شاہراہ پر بھی توجہ دیں کیونکہ یہاں کے مکینوں نے رات کے اوقات میں مذکورہ سڑک پر چھینا جھپٹی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں جو صرف یہاں ٹریفک جام ہونے کے باعث ہو رہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر سے بڑی تعداد میں شہریوں کو سہولت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :