پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کا دورہ

’’سی پیک‘‘ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے عزم کا اظہار پاک فوج نے تمام قسم کے دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کے لئے اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ، بلوچستان میںامن کی بحالی‘قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے سکیورٹی کے لئے پاک فوج صوبائی حکومت کومکمل تعاون فراہم کریگی ، جنرل قمر جاوید باجوہ

منگل 6 دسمبر 2016 20:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قسم کے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کے لئے پاک فوج نے اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ آرمی چیف نے صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی ترقی کے لئے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ روابط کو یقینی بنانے کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید تیز کیا جائے، انہوں پاک چین اقتصادی راہدای منصوبی(سی پیک) کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے ۔

وہ منگل کو سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادروطن کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء کی کوئٹہ میں یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ بلوچستان کی جانب سے آپریشنل تیاریوں، سلامتی کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

آرمی چیف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور، قانون نافذ کرنے والے اداروںاور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے صوبے میں امن کی بحالی کے لئے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں کو بھی سراہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میںامن کی بحالی‘قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے سکیورٹی کے لئے پاک فوج صوبائی حکومت کومکمل تعاون فراہم کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام قسم کے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کے لئے پاک فوج نے اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ آرمی چیف نے صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی ترقی کے لئے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی تعریف کی اور ہدایت دی کہ عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ کنیکٹوٹی کو یقینی بنانے کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید تیز کیا جائے۔قبل ازیںچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے انکا خیر مقدم کیا ۔