سی ڈی ڈبلیو پی نے 6.9ارب روپے مالیت کے 7مختلف منصوبو ں کی منظوری دیدی

میرانی ڈیم کے سیلاب سے متاثر لوگوں کو 3500 ملین روپے کے معاوضو ں کی فراہمی ،سیکٹر ایف فائیو ٹو میں اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے 112 ملین کے سرکاری رہائشی عمارت بنانے ،اسلام آباد میں401 ملین سے آئی بی اکیڈمی کی توسیع اور194 ملین روپے کی لاگت سے کوئٹہ انڈسٹریل فیز 4 کیلئے انفراسٹرکچر کی فراہمی کا منصوبہ شامل

منگل 6 دسمبر 2016 20:21

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 6.9ارب روپے مالیت کے سات مختلف منصوبو ں کی منظوری دے دی، میرانی ڈیم کے سیلاب سے متاثر لوگوں کو معاوضے کے لئے 3500 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا،سیکٹر ایف فائیو ٹو میں اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے سرکاری رہائشی عمارت بنانے کا 112 ملین کی لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا،اسلام آباد میں انٹیلی جنس بیورو اکیڈمی کی توسیع کے لئے 401 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا،کوئٹہ انڈسٹریل فیز 4 کے لئے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے 194 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا۔

منگل کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا پلاننگ کمیشن میں اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کینسر کے علاج کے لئے میڈیکل سامان کی خریداری کے لئے پانچ کینسر سینٹرز کے لئے 1210 ملین کی لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا۔اس منصوبے میں دو لاہور، کراچی، بہاولپور، اور اسلام آباد کے کینسرسینٹرز شامل ہیں۔

اجلاس میں نیشنل انسٹیوٹ سائنس اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن اسلام آباد کو سکل یونیورسٹی میں اپ گریڈ کرنے کے لئے 1 بلین کا منصوبہ منظور کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال کی سکل یونیورسٹی کے لئے پانچ سالہ روڈ میپ بنانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاکہ سکل یونیورسٹی کے قیام سے ووکیشنل اور ٹیکنیکل تعلیم کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ا جلاس میں دو منصوبوں کی کانسپٹ کلیرنس دی گئی اوراس کے علاوہ تین پوزیشن پیپرز کو بھی منظور کیا گیا۔( و خ )