سنی تحریک کے زیراہتمام میڈیاہائوسزپر حکومتی پابندیوں کے خلا ف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہر ہ

منگل 6 دسمبر 2016 20:14

ْ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام میڈیاہائوسزپر حکومتی پابندیوں کے خلا ف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا جس میں سنی تحریک کے ڈویژنل صدرعلامہ مجاہدعبدالرسول خان، سردار محمدطاہرڈوگرم شیخ محمدنوازقادری سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ نیو چینل کی بندش آزادی صحافت کے منافی ہے،پیمرا میڈیا پر پابندیوں سے باز رہے، کسی کو آزادی صحافت پر شب خون مارنے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے،نیو ٹی وی کی غیر منصفانہ بندش کی شدید مذمت کرتے ہیںاور نیو چینل انتظامیہ اور چینل سے وابستہ صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، حکمران اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینا چاہتے ہیں،ڈکٹیٹروں کی گود میں پرورش پانے والے حکمرانوں کا طرز سیاست آمرانہ ہے،نیونیوز کو بحال اور دیگر چینلز کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا توصحافتی تنظیموں کے ہمراہ ملک گیر احتجاج کی کال دینگے ۔

(جاری ہے)

میڈیا قوم کی آنکھیں ،کان اور زبان ہے ،چینلز پر پابندی قوم کی آنکھوں پر پٹی باندھنے اور زبان کاٹنے کے مترادف ہے ،میڈیا چینلز کو بند کرکے حکومت لاکھوں صحافی کارکنوں کا معاشی قتل عام کررہی ہے ، حکومت نیو نیوز کو فوری بحال کرے اور 92نیوز کے خلاف ایک وزیر کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر واپس لے، میڈیا نے ہمیشہ مجبور و محروم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے ،حکمران اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لیے میڈیا کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، حکومت کو آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے،آزادی صحافت پر قدغن لگانے والے یاد رکھیں کہ عوام نے انہیں مینڈیٹ اس لیے دیا ہے کہ وہ اداروں کو مضبوط کریں،پاکستان سنی تحریک آذادی صحافت کے لیے صحافی تنظیموں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے اور ہر لمحہ اپنے صحافی دوستوںکی تمام تر اخلاقی اور جمہوری جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔