Live Updates

شریف خاندان کی کرپشن بچانے کیلئے پوری حکومتی مشینری کام کر رہی ہے،عمران خان

تمام ثبوت عدالت میں پیش کر دیئے،نواز شریف کو اب سعودی شہزادہ یا ڈونلڈ ٹرمپ کوئی بھی نہیں بچا سکتا حسین نواز 1999ء میں طالب علم تھا ، تمام اخراجات کیلئے تمام پیسے پاکستان سے گئے ،2001ء میں حسین نواز کے کاروبار شروع کیا اوراب کیسے ارب پتی بن گیا مے فیئر کے چاروں فلیٹس شریف فیملی کی ملکیت ہیں، پیسے کہاں سے آئے اور کہاں گئے سب کچھ سامنے آ گیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف کی بنی گالہ میں گفتگو

منگل 6 دسمبر 2016 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کیس میں تمام ثبوت عدالت میں پیش کر دیئے ہیں، اب نواز شریف کو سعودی شہزادہ یا ڈونلڈ ٹرمپ نہیں بچا سکتا، شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لئے پوری حکومتی مشینری کام کر رہی ہے۔ منگل کے روز بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جنونی کارکن اگر روڈ پر نہ نکلتے تو پانامہ لیکس کا معاملہ دفن ہو جاتا۔

پی ٹی آئی نے تمام ثبوت عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کر دیئے ہیں تحریک انصاف نے جو کرنا تھا وہ کر دیا۔ پوری قوم کی جانب سے نعیم بخاری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عدالت میں پی ٹی آئی کی ٹیم نے پوری تیاری کے ساتھ کیس لڑا اور ثبوت عدالت کو پیش کئے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے جھوٹ بولا۔ عدالت نے کہا کہ نواز شریف کے وکلاء کو کئی سوالات کے جواب دینے ہوں گے ۔

ججز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بچوں نے فلیٹس اور کمپنیوں کی ملکیت تسلیم کی ہے تو تمام ثبوت بھی پیش کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ نواز شریف نے خود کہا کہ جائیداد کے تمام کاغذات اور ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کے مطابق پیسہ دبئی سے قطر اور پھر لندن منتقل ہوا جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ جدہ سٹیل مل بیچ کر لندن میں انکے بچوں نے کاروبار شروع کیا۔

اگر گلف سٹیل مل نقصان میں تھی تو ان کے پاس پیسا کہاں سے آیا ۔ مے فیئر کے چاروں فلیٹس شریف فیملی کی ملکیت ہیں۔ شریف فیملی کے پاس پیسے کہاں سے آئے اور کہاں گئے سب کچھ سامنے آ گیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حسین نواز 1999ء میں طالب علم تھا اور تمام اخراجات کے لئے تمام پیسے پاکستان سے آئے تھے۔ 2001ء میں حسین نواز کے کاروبار شروع کیا اور کیسے ارب پتی بن گیا۔

حسین نواز نے کاروبار شروع کر کے 5سالوں میں کیسی74ارب روپے بھیجے۔ میرے خیال میں 74ارب روپے پاکستان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجے پھر 74ارب روپے حسین نواز نے ڈائر سے کلین کر کے واپس پاکستان بھیجے۔ اگر مریم نواز نواز شریف کے زیر کفالت نہیں تھی تو اتنے پیسے کہاں سے آئے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اب تمام ثبوت عدالت کے پاس ہیں ۔ نواز شریف کو کوئی نہیں بچا سکتا۔

اب شاید نواز شریف کو بچانے سعودی شہزادہ آ جائے یا تو نواز شریف کو اپنی مدد کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کو بلانا پڑے گا۔ مگر ڈونلڈ ٹرمپ بھی نواز شریف کو بچا نہیں سکے گا۔ آخر میں عمران خان نے نواز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پی ٹی آئی کی تحریک پر مسلم لیگ ن کہتی تھی کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں مگر نواز شریف کی کرپشن بچانے کے لئے پوری حکومتی مشنری اور ایجنسیاں کام رکر ہی ہیں۔ ۔( علی)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات