روزمرہ زندگی میںپلاسٹک بیگ اگرچہ باکفایت سہولت مہیا کررہے ہیں حقیقت میں یہ انتہائی مضر ہیں‘ذکیہ شاہنواز

حکومت پنجاب ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے اور اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پو لیتھین بیگز کی مینوفیکچرنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے‘صوبائی وزیر تحفظ ماحول

منگل 6 دسمبر 2016 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ہماری روزمرہ زندگی میںپلاسٹک بیگ اگرچہ باکفایت سہولت مہیا کررہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بیگز انسانی صحت اور ماحول کے لیے انتہائی مضر ہیں، کھانے پینے کی اشیاء میں پلاسٹک بیگز کا بڑھتا ہوااستعمال کینسر سمیت دیگرموذی امراض کا باعث بن رہا ہے اس حقیقت کے پیشِ نظر حکومت پنجاب ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے اور اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پو لیتھین بیگز کی مینوفیکچرنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، سیمینار کا مقصد پنجاب یونیورسٹی میں نوجوان نسل کے ذریعے عوامی سطح پر ماحول کی اہمیت سے متعلق آگاہی ہے جس میں جامعات کے طالبعلم اپنا بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیا لات کا اظہا ر یہاں صوبائی وزیر نے محکمہ تحفظ ماحول ،محکمہ تعلقات عامہ اور بین الاقوامی سطح پر صحتمند اور محفوظ ماحول کے لیے کام کرنے والی این جی او کلائنٹ رئیلٹی کے اشتراک سے پولیتھین فری پنجاب کے عنوان سے جامعہ پنجاب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے سیمینار کو بتایا کہ پنجاب کے 36اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر تمام فیلڈ دفاتر میں پولیتھین بیگ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جو آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے انکے خلاف عدالتی کاروائی کی جارہی ہے ۔

ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے طلبہ و طالبات سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دوستوںکو پولیتھین بیگز کے نقصانات اور ان کی تلفی سے متعلق احتیاطی تدابیر کی ترسیل کے ذریعے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے ہمیں پلاسٹک بیگ کی بجائے کپڑے کے بیگ کے استعمال کے رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو متوقع بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

اس ضمن میں این جی اوز کا کردار بھی قابلِ ذکر ہے ۔ انہوں نے انٹرنیشنل کلائمیٹ رئیلٹی کا سیمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔پرنسپلEnvironmental Sciences Department ڈاکٹر محمد ساجدنے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ صحت مند ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور آلودگی میں کمی کے لیے تعلیم و تحقیق کے ذریعے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔سیمینار میں طلبہ و طالبات ، فیکلٹی ممبران جامعہ پنجاب اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :