پانامالیکس اسکینڈل نے حکمران خاندان کو پریشان کردیا ہے‘میاں مقصوداحمد

وزراء بسنت منانے کوبے تاب ہورہے ہیں عوام میں تشویش کی لہردوڑگئی ہے ‘اجلاس سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پاکستان کی کل آبادی کی29.5فیصد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے،مہنگائی بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،لوگوں کو کسی قسم کاریلیف میسر نہیں،ملک میں ماہانہ3ہزارروپے کمانے والوں کی تعداد5کروڑ سے زائد ہوچکی ہے،ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے،پانامالیکس اسکینڈل نے حکمران خاندان کو پریشان کردیا ہے اب اس سے فرارممکن نہیں ہے،18کروڑ عوام کامطالبہ ہے کہ قومی دولت کولوٹنے والوں کا جلدازجلداحتساب کیاجائے،ملک میں بلاتفریق احتساب ناگزیرہوچکا ہے،اگر پاکستان کو کرپشن سے چھٹکارہ دلاناہے تو پھر احتسابی عمل کو آگے بڑھانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں مقصود احمد نے کراچی ہوٹل میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں12سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی میں آگ لگنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ لمحہ فکریہ اور قابل توجہ ہے۔گزشتہ دوماہ کے دوران اب تک درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ حکمرانوں کی کارکردگی کاغذی کاروائیوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔

حکومت اور انتظامیہ عوام کے جان مال کومحفوظ بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں اور مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی وزراء کی جانب سے 14فروری کو بسنت میلہ سجانے کے اعلانات افسوسناک اورشرمناک ہیں۔بسنت ایک خونی کھیل ہے جس نے ماضی میں سینکڑوں بے گناہ انسانوں کی زندگی لے لی تھی اور درجنوں افرادمعذور ہوگئے تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گزشتہ سالوں میںبسنت پر پابندی لگانے کافیصلہ خوش آئند تھا مگر یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکومت کے اپنے ہی لوگ بسنت پرپابندی ختم کروانا چاہتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر صوبے میں خونی کھیل کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور غیر اسلامی تہواروں کی سرپرستی سے بازآجائیں۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیاتھا اس میں ہندووانہ اور مغربی کلچرکو فروغ دینے والے مخصوص طبقے کو پاکستانی قوم ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔